دیسی کشتی کا فروغ، پہلوانوں نے ہاتھ ملا لیا
دیسی کشتی کے فروغ اور نئی نسل کو پہلوانی کے کھیل سے جوڑنے کیلئے ملتان سے تعلق رکھنے والے نامور خاندان بجے والا اور پاکستان دیسی کشتی فیڈریشن کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔
اس سلسلے میں خصوصی تقریب ملتان کے قدیمی محلہ امیر آباد میں اکھاڑہ بجے والا پر منعقد ہوئی۔
تقریب میں لاہور سے تعلق رکھنے والے دیسی کشتی فیڈریشن کے ایک وفد نے چیئرمین ندیم پہلوان کی قیادت میں بجے والا خاندان کے معروف دنگل پروموٹر و پنجاب حکومت کے سابق سپورٹس کوآرڈینیٹر ملک قمر عباس بھولا سے ملاقات کی ، اور انہیں دیسی کشتی پروموشن کا سرپرست تسلیم کیا اور ان کی عزت افزائی کیلئے پہلوانوں کی خاص پگ کی دستار بندی بھی کی ۔
اس تقریب میں چیئرمین دیسی کشتی فیڈریشن ندیم پہلوان کی قیادت میں آنیوالے وفد کے دیگر ممبران سجاد حسین اعوان پہلوان رانا ریاض۔ ملک امداد حسین پہلوان۔ نوید پہلوان۔ یاسر پہلوان نے بھی شرکت کی۔
ملتان سے ملک قمر عباس بھولا کے علاوہ امبر بلوچ۔ شان بلوچ ۔ عدنان خان۔ راحیل پہلوان۔ حسن پہلوان۔ سلمان پہلوان نے اپنے مہمانوں کا بجے والا اکھاڑہ پر خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیہ میں دیسی کشتی پروموشن کے ایجنڈا بارے آگاہی دی گئی ، جس کے مطابق پڑھے لکھے نوجوانوں کو دیسی کشتی کی طرف راغب کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کو خصوصی طور پر فوکس کیا جائے گا۔
پہلوانوں کی صحت کے حوالے سے اکھاڑوں پر میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے۔