سمرا پبلک سکول میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد

گورنمنٹ سمرا پبلک سکول میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں ہیڈ ماسٹر خالد خان نے طلباء کو سڑکوں پر محتاط رہنے اور ٹریفک قواعد کی پابندی کرنے کی ضرورت پر زور دیا
ہیڈ ماسٹر خالد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کم عمر میں موٹر سائیکل چلانا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ جان لیوا حادثات کا سبب بھی بن سکتا ہے، اس لیے 18 سال سے کم عمر طلبہ ہرگز موٹر سائیکل یا کسی بھی قسم کی گاڑی نہ چلائیں۔
حکومت پنجاب نے حال ہی میں سخت احکامات جاری کیے ہیں جن کے تحت بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اور والدین کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی کی حفاظت کو مقدم رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ٹریفک حادثات میں زیادہ تر جانیں لاپرواہی اور قانون شکنی کے باعث ضائع ہوتی ہیں، اس لیے ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرے اور معاشرے میں ایک باشعور شہری کا کردار ادا کرے۔
تقریب میں طلباء کو سیفٹی ہیلمنٹ کے استعمال، سڑک پار کرنے کے درست طریقوں اور ٹریفک سگنلز کی پابندی کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر طلبہ نے سوالات بھی کیے جن کا ہیڈ ماسٹر خالد خان نے تفصیل سے جواب دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے آگاہی پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور پیدا ہو اور حادثات میں کمی آئے۔




















