Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سپیشل بچوں کی سکریننگ جاری، یونیسف وفد کا دورہ ملتان

یونیسیف اور سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے تعلیم پروگرام کے تحت رواں ماہ سے پنجاب کے 6 اضلاع میں اسیسمنٹ/ اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

اس سلسلے میں مس ایلن چیف ایجوکیشن آفیسر یونیسیف پاکستان نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خصوصی تعلیم ملتان کے اسکریننگ کیمپ میں اسکریننگ کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد اور ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن خواجہ مظہر الحق نے میڈم ایلن کا استقبال کیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد نے میڈم ایلن کو صوفیاء کی سرزمین پر خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

انہوں نے اسکریننگ کیمپ کے انتظامات کی تعریف کی۔ ان کے مطابق یہ صرف اسکریننگ نہیں ہے بلکہ اس اسکریننگ کا بنیادی مقصد خصوصی طلباء کو معاون آلات فراہم کرنا ہے، جو خصوصی ضروریات اور معذوری والے بچوں کی رسائی، سیکھنے، مساوات اور تعلیمی انتظام میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاون آلات کی فراہمی بچوں کی رسائی اور سیکھنے کے عمل کو بااختیار بنا سکتی ہے (جو کہ تعلیم پروگرام کا بنیادی مقصد ہے)۔

انہوں نے اسکریننگ کے عمل کے متعلق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میاں محمد ماجد، اساتذہ اور ہیلتھ ٹیم سے تبادلہ خیال کیا اور اسکریننگ کے عمل کو طلباء و طالبات کے لیے بہت مفید قرار دیا، اور محکمہ صحت اور سپیشل ایجوکیشن کا شکریہ ادا کیا۔

پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خصوصی تعلیم ملتان میڈم حمیرا فاروق ہاشمی نے کالج اور کالج میں جاری کورسز کے بارے میں میڈم ایلن کو بریفنگ دی۔

مس ایلن نے طلباء، اساتذہ اور کالج انتظامیہ کے نظم و ضبط اور تعلیمی کارکردگی کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button