زکریا یونیورسٹی میں ایک اور تجربہ؛ روٹ بس سروس بند، 90 فیصد سے زائد ملازمین غیر حاضر

زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے تجربات نے زکریا یونیورسٹی کو مفلوج کر دیا۔
گزشتہ روز زکریا یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ملازمین کے لئے چلایا جانے والا بس روٹ اچانک بند کردیا گیا، جس کی اطلاع چیئرمین ٹرانسپورٹ کمیٹی کو بھی نہیں کی گئی۔
موسم گرما کی تعطیلات کی وجہ سے طلباء وطالبات کےلئے بس روٹ بند کردئیے جاتے ہیں مگر ملازمین کے لئے صبح اور شام میں ایک روٹ چلایا جاتا ہے۔
لیکن گزشتہ روز وائس چانسلر کی ہدایت پر صبح روٹس روانہ نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے ملازمین یونیورسٹی ہی نہیں آئے، صرف 10 فیصد ملازمین اپنی سواری پر یونیورسٹی پہنچ سکے، جس کی وجہ سے یونیورسٹی میں آنے والے سائلین خوار ہوگئے، اس بارے جب انچارج ٹرانسپورٹ سے پوچھا گیا تو ان کا موقف تھا کہ صبح وی سی کا فون آیا تو روٹس بند کردئیے گئے، اب ملازمین اپنی سواری پر یونیورسٹی آئیں۔
دوسری طرف ایمپلائز گروپس کا کہنا تھا کہ روٹس بند کرنے کےلئے کم سے کم ایک دن پہلے نوٹس جاری کرنا ضروری تھا تاکہ یونیورسٹی کے امور احسن طریقے سے چلتے رہیں، یہ ایک بھونڈا اور غیر پروفیشنل رویہ ہے جس کا نقصان یونیورسٹی اور سائلین کو ہوا۔
سارے دفاتر خالی پڑے رہے، یونیورسٹی حکام اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، اس گرمی کے موسم میں ملازمین کا دفاتر میں آنا بہت مشکل ہوتا ہے، اس لئے روٹس کو بحال کیا جائے۔
تاہم وائس چانسلر آفس کی طرف سے کوئی بھی جواب نہیں دیا گیا ۔