وائس چانسلر کا ایکشن ، زکریا یونیورسٹی میں سپورٹس کوٹے پر ہونے والے داخلے منسوخ
وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے سپورٹس سیٹوں پر داخلے پر بے ضابطگیوں پر ایکشن لیتے ہوئے فوری طور پر سپورٹس پر ہونے والے داخلے منسوخ کردئیے ،اور نئی داخلہ کمیٹی قائم کرکے ممبران کو مارکنگ نمبر بھی دے دئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ۔
زکریا یونیورسٹی میں سپورٹس کوٹے پر لوٹ سیل لگ گئی
جاری مراسلے کے مطابق نئی سپورٹس کمیٹی قائم کی جارہی ہے، جو سپورٹس کوٹے پر کھلاڑیوں کے ٹرائلز لے گی اور میرٹ پر داخلے کی سفارش کرے گی۔
سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین محمد رمضان شیخ ہوں گے، جبکہ ممبران میں ڈاکٹر عمر چودھری، ڈاکٹر عبدالستار ملک، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر آسیہ ذوالفقار، ڈاکٹر رضیہ شبانہ ، ڈاکٹررشید احمد، مہرین صبا ، ڈائریکٹر سپورٹس اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس شامل ہوں گے ، چیئرمین کو 10، ایف ایس اے کے صدر کو 10جبکہ دیگر 5ممبران کو پانچ پانچ نمبر الاٹ کئے گئے ہیں، جبکہ کھلاڑیوں کے کوائف کے 55 نمبر ہوں گے۔
جن میں نیشنل ٹیم کے کھلاڑی کے 15، ایچ ای سی اور بورڈ ٹیم کے 10، یونیورسٹی بورڈ کی ٹیم کے 5 یونیورسٹی ، کالج سپورٹس ٹیم کا ایک نمبر مختص ہوگا، جبکہ باقی نمبر پرفارمنس کے رکھے گئے ہیں۔
دریں اثنا اطلاع کے مطابق سپورٹس کمیٹی کا اہم اجلاس آج گیارہ بجے طلب کرلیاگیا ہے، جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یونیورسٹی میں دوبارہ داخلے شروع ہیں، ان کی تکمیل پر تمام سپورٹس سیٹوں پر ٹرائلز لئے جائیں گے ۔