جامعہ زکریا: اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی قانونی حیثیت کیا؟ ،،،،،،، اور خاموشی چھاگئی

اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن زکریا یونیورسٹی کی قانونی حیثیت کیا؟ وائس چانسلر نے بڑا سوال اٹھادیا، ممبران جواب نہ دے سکے۔
زکریا یونیورسٹی کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ( اے ایس اے ) جو برسوں سے جمہوری طریقے سے منتخب ہوتی آرہی ہے پر پہلی بار کسی وائس چانسلر نے اس کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھادیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کا ایک بڑا وفد اپنے مطالبہ لیکر وائس چانسلر سے ملاقات کےلئے پہنچا ،پرجوش اور غصیلے رویے کے ساتھ بات چیت شروع ہوئی تو وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر نے ترپ کا پتہ پھینک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زکریا یونیورسٹی میں اے ایس اے کی قانونی حیثیت کیا ہے، اس کا کیا کام ہے اور اس کی فارمیشن کیا اور کون سے فورم سے منظور شدہ ہے۔
اس موقع پر کچھ ممبران نے بتانے کی کوشش کی کہ یونیورسٹی ایکٹ میں ہے، سلیکن بورڈ اور سینڈیکیٹ میں اے ایس اے کا ممبر ہوگا۔
جس پر وائس چانسلر کا جواب تھا کہ "ٹھیک ہے، مگر زکریا یونیورسٹی کے کلینڈر میں اے ایس اے کہاں موجود ہے، یہ کب وجود میں آئی اور اس کی منظوری کہاں سے لی گئی، جیسے ایمپلائز یونین کی منظوری سینڈیکیٹ سے لی گئی تھی”۔
جس کا جواب کسی کے پاس نہ تھا جس کے بعد بات چیت نارمل موڈ میں آگئی، تاہم کوئی مطالبہ منظور نہ کرایا جاسکا، تاہم اس ملاقات میں ایک بڑی تنظیم پر سوالیہ نشان سامنے آگیا کہ یہ فورم یونیورسٹی میں منظور شدہ نہیں ہے، اس تنظیم کا مستقبل کیا ہوگا، جس پر اساتذہ کو مل بیٹھنے کا موقع مل گیا ہے ۔