ورچوئل یونیورسٹی نے خزاں 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا

ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان نے خزاں 2024 کے امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، طلباء اپنے نتائج یونیورسٹی کے لرننگ مینجمنٹ سسٹم (LMS) کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر فیصل تحسین شاہ نے ورچوئل یونیورسٹی کے شفاف اور میرٹ پر مبنی امتحانی نظام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی سخت مانیٹرنگ اور جدید آن لائن جائزہ سسٹم کے ذریعے تعلیمی دیانت داری اور منصفانہ امتحانی عمل کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فال 2024 کے امتحانات میں 117,254 طلبہ نے 640,343 پرچوں میں شرکت کی، جس میں کامیابی کی مجموعی شرح 85.13 فیصد رہی۔
انہوں نے طلباء کی شاندار کامیابی کو ان کی محنت اور لگن کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی کا سخت مگر منصفانہ امتحانی نظام بین الاقوامی تعلیمی معیارات کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے، جو طلباء کی علمی استعداد کو مؤثر انداز میں جانچنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی(ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد معیاری اور قابلِ رسائی تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ورچوئل یونیورسٹی اپنے جدید ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم کے ذریعے طلبہ کو عصرِ حاضر کے چیلنجر کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین مہارتوں اور علم سے آراستہ کر رہی ہے۔
انہوں نے اس شاندار کارکردگی پر طلبہ، اساتذہ اور عملے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی اپنے تعلیمی پروگرامز کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گی تاکہ طلباء کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔