ٹرانس جینڈرز کےلئے ووکیشنل لیب کا افتتاح

ملتان میں قائم پاکستان کے پہلے ٹرانس جینڈر سکول کے طلباء کو ہنر مند بنانے کے لیے جدید ووکیشنل لیب کا افتتاح، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور کے ہمراہ لیب کا افتتاح کیا۔
یہ بھی پڑھیں ۔
ٹرانس جینڈر طلبا کے لئے ووکیشنل لیب اور کرکٹ اکیڈمی بنانے کا فیصلہ
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ٹرانس ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کی تعلیم و تربیت کے لیے دو سال قبل ملتان میں پاکستان کی تاریخ کے پہلے ٹرانس جینڈر سکول کی بنیاد رکھی تھی، اس دوران ٹرانس جینڈر طلبہ کی کثیر تعداد نے نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات میں شرکت کی اور نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں ۔
جنوبی پنجاب میں پہلی سٹوڈنٹس کرکٹ اکیڈمی کا قیام
ٹرانس جینڈر سکول میں زیر تعلیم اور امتحان پاس کرنے والے طلبہ کے لیے روزگار کے دروازے کے دروازے کھولنے ، اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی معاونت سے جدید ووکیشنل لیب قائم کی۔
اس ووکیشنل لیب میں ٹرانس جینڈر سکول کے طلبہ کو ٹیلرنگ، انڈسٹریل ٹیلرنگ، بیوٹی پارلر، مارکیٹنگ اور دیگر کورسز سکھائے جائیں گے، اور ان کی عملی تربیت کی جائے گی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو ہائیر سکینڈری سکول گلگشت میں قائم ٹرانس جینڈر سکول کی ووکیشنل لیب کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری سروش فاطمہ، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور حنا چوہدری سمیت محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے دیگر افسران شریک تھے۔