واسا کا ریکوری ٹارگٹ 6کروڑ روپے کردیا گیا ، ہنگامی حالت نافذ

منیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے اپریل کے مہینے میں دو تنخواہوں، پنشن کی ادائیگی کیے جانے پر شعبہ ریکوری کو سخت محنت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، اور اپریل 2022 کے مہینے میں6کروڑ روپے کاریکوری ٹارگٹ مقرر کرتے ہوئےاہداف پورا نہ کرنے والے سٹاف کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے
انہوں نے جمعہ کے روز تمام ریکوری افسران کو ہنگامی طور پر واسا ہیڈآفس شمس آباد میں طلب کرکے انہیں ریکوری ٹارگٹ میں مسلسل کمی کی وجہ سے ادارہ کو درپیش شدید مالی بحران کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس دوران ریکوری سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسا اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والا ادارہ ہے ، جس کے اپنے تمام تر اخراجات کا انحصار صارفین سے وصول ہونے والے بلوں کی رقوم پر ہے ۔
مگر ریکوری سٹاف کی کام نہ کرنے والی روش کے باعث ادارہ کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔
دیرینہ واجبات کے ساتھ ساتھ کرنٹ ریکوری کی بھی مایوس کن کارکردگی کے باعث مسائل بڑھتے جارہے ہیں تمام سرکاری اداروں میں تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی بروقت ہوتی ہے مگر واسا ملازمین کو تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کرنا مشکل ہو جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کی آمد کے حوالے سے اپریل کے مہینے میں ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ، پنشن کی ادائیگی کرنی ہے ،تمام ریکوری سٹاف اپنے اپنے ذمہ ریکوری ٹارگٹ کا حصول ہر صورت یقینی بنائے ۔
انہوں نے کہااس ادارے کی عزت ہماری ورکنگ سے ہے ، ہمیں اپنی عزت بڑھانے اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سب کو ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئےریکوری ٹارگٹ کو بھی ہر مہینے بتدریج بڑھانا ہوگا، بصورت دیگر ہمیں تنخواہوں،پنشن،بجلی،تیل کے اخراجات کی ادائیگی مشکل ہو جائے گی۔
ایم ڈی واسا نےاس دوران ریکوری افسران پر واضح کیا کہ 8 ریکوری انسپکٹرز اور 13 ریکوری اسسٹنٹ کو خراب کارکردگی پر شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں ۔
شعبہ ریکوری میں جزا و سزا کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا ٹارگٹ کاحصول یقینی نہ بنانے والوں کو ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا ۔
اس دوران تمام ریکوری افسران نے اپنے ذمہ ریکوری ٹارگٹ حاصل کرنے کی یقین دہانی کروائی، اور انہوں نے شعبہ ریکوری کو درپیش مسائل،بلوں کی درستگی میں حائل رکاوٹوں کی بھی نشاہدہی کی۔
جس پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے صارفین کو بھرپور ریلیف دینے اور ون ونڈو پر جمع کی جانے والی درخواستوں کا فیصلہ جلد از جلد کرنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے واسا ڈیفالٹرز خصوصا پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کے ڈویلپرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا بھی حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے اس دوران صارفین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ذمہ واسا واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ فراہمی و نکاسی آب کی سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔