ویسٹ انڈیز 35 برس بعد پاکستان میں شکست کا جمود توڑنے کے لیے پُرعزم

ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین ٹیوین املاچ نے ملتان انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو چیلنجنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر کھیلنا آسان نہیں ہے، حالانکہ ان کی ٹیم اس وقت جیت کے قریب دکھائی دے رہی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ ایسی پچز انہیں پسند نہیں ہیں کیونکہ یہ کھیلنے کے لیے پیچیدہ ہوتی ہیں۔
املاچ نے مزید کہا، "ہمارے بیٹرز نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی، اور پہلی اننگز کا تجربہ ہمیں فائدہ دے گیا۔ جب شراکت داری بنی تو صورتحال قدرے بہتر ہوئی۔”
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ان کے لیے ایک بڑا چیلنج کھڑا کیا، مگر اس کے باوجود ویسٹ انڈیز اس وقت ایک مضبوط پوزیشن میں ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ کل یہ ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں املاچ نے کہا، "ہم نے یہاں تین اننگز کھیلیں اور اس تجربے نے ہمارے بیٹرز کو بہتر پرفارم کرنے کا موقع دیا۔”
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی پچز میں فرق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "ہمارے ملک اور یہاں کی پچز میں کچھ فرق ہے۔ اگرچہ ہماری پچز بھی اسپن فرینڈلی ہیں، مگر یہاں کی پچز مزید چیلنجنگ ہیں اور ان پر کھیلنا نسبتاً مشکل ہے۔ وہاں کی پچز اس طرح کی مشکلات پیدا نہیں کرتیں۔”