"ویمن ایمپاورمنٹ اور کمیونٹی پولیسنگ میں مواقع اور امکانات” کے عنوان پر سیمینار کا انعقاد

ویمن یونیورسٹی ملتان میں سٹی پولیس ملتان اور شعبہ پولیٹیکل سائنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے اشتراک سے “ویمن ایمپاورمنٹ اور کمیونٹی پولیسنگ میں مواقع اور امکانات” کے عنوان پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق اس سیمینار کا بنیادی مقصد خواتین کی بااختیاری، معاشرتی تحفظ میں ان کے فعال کردار اور کمیونٹی پولیسنگ میں ان کی شمولیت کے بڑھتے ہوئے امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔
مہمانِ خصوصی ڈی ایس پی جعفر بخاری اور ایس ایچ او ارم حنیف نے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں خواتین کے لیے محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خواتین اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور معاشرتی ذمہ داریوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہیں، اور انہیں روایتی رکاوٹوں سے آزاد کرتے ہوئے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کمیونٹی پولیسنگ کے جدید رجحانات، خواتین پولیس افسران کے کردار اور عوام کے ساتھ پولیس کے مثبت تعلقات کی اہمیت پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
سیمینار کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ تعلیمی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مضبوط باہمی تعاون ہی ایک محفوظ اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے ۔
خواتین کے حقوق، سلامتی اور ان کی معاشرتی شمولیت کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی ایسے اہم پروگرام جاری رہیں گے۔
فوکل پرسن ڈاکٹر اسماء اکبر نے کہا کہ اس طرح کی علمی اور آگاہی پروگراموں کو طالبات کی شخصیت سازی اور ان میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں طالبات کو عملی دنیا کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ایسے مواقع فراہم کرنا تعلیمی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، سیمینار میں طالبات، اساتذہ اور پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔




















