ویمن یونیورسٹی میں ویمن امپاورمنٹ مینٹورنگ پروگرام کا مرحلہ مکمل ہوگیا

ترجمان کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ویمن یونیورسٹی میں وومن امپاورمنٹ مینٹورنگ پروگرام کا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس کےلئے نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن نے تعاون کیا تھا۔
اس موقع پر تقسیم اسناد کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی مہمان خصوصی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعدیہ انصاری (ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ ای سی) نے کہا کہ پروگرام کا مقصد کمیونٹی سپورٹ اور بااختیار بنانے کے ذریعے خواتین کی آواز کو بڑھانا ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں زیادہ اثر ڈال سکیں، انہوں نے تربیتی سیشن کے دوران شرکاء کی دلچسپی، لگن اور عزم کو سراہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور بڑھانے کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کی اشد ضرورت یے۔
انہوں نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کو اپ گریڈ کرنے میں ایچ ای سی اور نیشنل اکیڈمی آف ہائیر ایجوکیشن کے کردار پر روشنی ڈالی۔
پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد رہنمائی اور قیادت کی ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اعلیٰ تعلیم میں صنفی مساوات کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر ملکہ رانی، پروفیسر ڈاکٹر میمونہ خان، مسٹر ادریس اور ڈاکٹر کامران بھٹہ
بھی موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں ان کی فعال مصروفیت اور تربیتی پروگرام میں کامیابی حاصل کرنے پر اسناد تقسیم کی گئیں۔