زرعی یونیورسٹی میں ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منایا گیا

ملتان ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں شعبہ فوڈ سائنس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔
اس موقع پر میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ، جس میں مختلف ڈاکٹرز نے فکلٹی اور طلباء و طالبات کو اچھی غذا اور اچھے لائف سٹائل کے بارے میں آگاہی دی۔
سیمینار کی صدارت رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی تمغہ امتیاز نے کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوراک کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے اور اس حوالے سے لوگوں کو بھی آگاہ کرنا چاہیے۔
مزید کہا کہ اس دن کے موقع پر یہ شعور بھی بیدار کیا جاتا ہے کہ انسانی صحت کے لئے معیاری خوراک اور صاف پانی کس قدر ضروری ہیں اور ان کے لیے کیا اقدامات کرنے چاھیں ۔
ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی آپریشنز ساؤتھ پنجاب محمد سیف نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 10 میں سے ایک شخص آلودہ کھانا کھانے کے باعث بیمار پڑجاتا ہے، اسی آلودہ کھانے کی وجہ سے سالانہ چار لاکھ افراد موت کے منہ میں جاتے ہیں ۔
چیئرمین شعبہ فوڈ سائنس پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے کہا کہ خصوصا پاکستان میں ناقص خوراک کی وجہ سے ڈائریا کا مرض عام ہو چکا ہے ۔جس کے نتیجے میں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں اموات واقع ہو رہی ہیں ۔
آخر میں ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ فوڈ سائنس ڈاکٹر محمد شہباز نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور تمام سٹیک ہولڈر کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر میٹرو ملتان سے علی شاہ زیب ،وولکا فوڈ سے شاہد مبین ،فیملی فوڈ سے سیف الرحمن ،ملک فوڈ سے ملک عابد ،نیوٹریشن انٹرنیشنل سے احتشام الحق ، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق،ڈاکٹر عمبرین ناز ،ڈاکٹر شبیر احمد ،ڈاکٹر شمس مرتضیٰ ،ڈاکٹر افشاں شفیع سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔