ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں عالمی یوم آب کے موقع پر خصوصی تقریب

ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں عالمی یوم آب کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پانی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے اپنے خطاب میں پانی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پانی کی قلت ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، اور اس کا حل اجتماعی کوششوں میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا، "یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پانی کے ضیاع کو روکیں اور مستقبل کی نسلوں کے لیے اس قیمتی وسیلے کو محفوظ کریں۔ ایمرسن یونیورسٹی ماحول دوست پالیسیوں کے نفاذ کے لیے پر عزم ہے تاکہ پانی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔”
ڈاکٹر رمضان نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ "ہم اپنے نصاب اور جامعہ کے عملی اقدامات میں ماحولیاتی تحفظ کو شامل کرتے ہوئے طلبہ میں پانی کے تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کریں گے۔ ہر قطرہ قیمتی ہے، اور ہم سب کو مل کر ایک پائیدار مستقبل کے لیے کام کرنا ہوگا۔”
رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق نے پانی کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی واک کی قیادت کی، جس میں طلباء اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ "پانی زندگی کی بنیاد ہے، اور اس کا تحفظ ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ہر چھوٹی کوشش ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔”
واک میں فیکلٹی ممبران، بشمول ڈاکٹر احمد وقاص، ڈاکٹر رابعہ، ڈاکٹر زبیر، ڈاکٹر یونس، ڈاکٹر زمان خان، ڈاکٹر مزمل، ڈاکٹر عنبر اور ڈاکٹر وجے لال نے شرکت کی اور پانی کے دانشمندانہ استعمال کا عہد کیا۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پانی کے وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے یہ قیمتی وسیلہ محفوظ رکھا جا سکے۔