ویمن یونیورسٹی ملتان : سالانہ تقریب’’ گرینڈ گالا‘‘ کے انعقاد کا فیصلہ، تیاریاں شروع

ویمن یونیورسٹی ملتان میں ایلومنیائی اور طالبات کی سالانہ تقریب ’’ گرینڈ گالا‘‘ کے انعقاد کا فیصلہ تیاریاں شروع کردی گئیں۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان میں حسب روایت رواں ماہ میں 22 اور 23 اکتوبر کو دو روزہ شاندار "گرینڈ گالا” کا اہتمام کیا جا رہا ہے، یہ رنگا رنگ تقریب نہ صرف تفریح اور ثقافت کا حسین امتزاج ہوگی اس کا مقصد فارغ التحصیل طالبات،اساتذہ اور موجودہ طلبات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کے تجربات، کامیابیوں اور یادوں کو شیئر کر سکیں۔
دو روزہ گالا میں ورائٹی شو، میوزیکل نائٹ، اور شاندار ڈنر شامل ہے، جنہیں جامعہ کی ثقافتی روایات اور جدید طرزِ تفریح کے حسین امتزاج کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کا کہنا ہے کہ ویمن یونیورسٹی ہمیشہ سے اپنی طالبات اور ایلومینائی کو ایک خاندان کی طرح جوڑنے کی خواہشمند رہی ہے۔
یہ گالا اسی جذبے کا مظہر ہے کہ ہر فرد اپنی حیثیت میں خوشی سے اس کا حصہ بنے گرینڈ گالا کا اہتمام سالانہ بنیادوں پر کیا جاتا ہے جس کےلئے یونیورسٹی انتظامیہ مختلف اقدامات کرتی ہے تاہم گالا میں مختلف پروگرام میں شرکت کا ایک ٹکٹ مقرر کیا جاتا ہے جو ٹیچرز، عملے سمیت سب کو مقررہ فیس جمع کراکے حاصل کرنا پڑتا ہے، طالبات کےلئے سبسڈی فیس مقرر کی گئی ہے۔
رواں برس بھی مقررہ ایس اوپیز کے تحت ہی اس سالانہ ایونٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے، جس میں طالبات کو بھی اپنی اساتذہ اور یونیورسٹی افسروں کی طرح مقررہ فیس کے بعد ٹکٹ لیکر گالا میں شرکت کرنا ہوگی۔
اس موقع پر کسی طالبہ یا اساتذہ پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا ہے، گالا کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں احسن انعقاد کےلئے کمیٹیاں بنادی گئی ہیں، سالانہ گالا کے قریب آتے ہی ویمن یونیورسٹی کی ترقی سے خائف کچھ عناصر پھر متحرک ہوگئے ہیں مگر ان کے ایجنڈے میں حسب سابق کوئی صداقت نہیں، یونیورسٹی تمام ترمنفی حربوں کے باوجود اپنی ترقی کا سفر جاری رکھے گی اور اس سالانہ ایونٹ کو یادگار بنانے کےلئے تمام تر کاوشیں کرے گی۔




















