Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ویمن یونیورسٹی ملتان کی بڑی جیت

ویمن یونیورسٹی ملتان اور کارڈف میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا مشترکہ منصوبہ برٹش کونسل ایوارڈ 2025 جیت لیا۔

ویمن یونیورسٹی کی ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ تحقیقی منصوبہ "پارٹنر شپ اِن ایکوالٹی (PIE) برائے خواتین برطانیہ و پاکستان برائے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت” نے برٹش کونسل کے گوئنگ گلوبل پارٹنرشپ ایوارڈز 2025 میں دنیا بھر کے صرف پانچ منتخب عالمی منصوبوں میں جگہ حاصل کرلی ہے۔

یہ بین الاقوامی منصوبہ کارڈف میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے یوریکا روبوٹکس سینٹر، قومی یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی (NUST) اور پاکستان کی آٹھ جامعات کے اشتراک سے تیار کیا گیا۔

اس کا مقصد سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (سٹیم کے شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں جدید تحقیق و تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔

اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ویمن یونیورسٹی ملتان کے عالمی سطح پر علمی و تحقیقی معیار اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا ثبوت ہے، یہ کامیابی ویمن یونیورسٹی ملتان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جو خواتین کی علمی خودمختاری اور عالمی سطح پر ان کی قیادت کے عزم کی عکاس ہے۔

ویمن یونیورسٹی ملتان اس شراکت داری کا ایک فعال رکن رہی ہے جس نے خواتین کے لیے تعلیمی و تحقیقی مواقع پیدا کرنے، صنفی مساوات کو فروغ دینے اور مصنوعی ذہانت و روبوٹکس جیسے جدید شعبوں میں ان کی شمولیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے منصوبے میں ویمن یونیورسٹی کی نمائندگی کرنے والی ڈاکٹر ظلِ شمس (شعبہ ریاضی)، ڈاکٹر فرخندہ افضل (NUST)، ڈاکٹر شادان خان خٹک (کارڈف میٹروپولیٹن یونیورسٹی برطانیہ) اور تمام شریک اداروں کی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس منصوبے کی یہ عالمی سطح پر پذیرائی بین الاقوامی اشتراکِ عمل کے ذریعے تعلیم، تحقیق اور مساوات کے فروغ کی ایک شاندار مثال ہے۔
منصوبے نے پاکستان اور برطانیہ کی خواتین محققین اور طلبات کے مابین عملی تعاون، سائنسی استعداد میں اضافے اور صنفی مساوات کے فروغ میں سنگِ میل حیثیت اختیار کرلی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button