ویمن یونیورسٹی میں یوم تکبیر کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

ترجمان کے مطابق یوم تکبیر کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کے جوہری طاقت بننے کی یاد میں ویمن یونیورسٹی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمان خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں، اس موقع پر خزانچی ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید، ڈاکٹر عاصمہ اکبر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا نہ صرف قومی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت ہے بلکہ یہ اسلامی دنیا کے لیے بھی اُمید کا نشان ہے، پاکستان نے 28 مئی 1998کو چاغی کے پہاڑوں میں یکے بعد دیگرے 6 ایٹمی دھماکے کر کے ہمسایہ اور دشمن ملک بھارت کی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا دنیا کا ساتواں اور عالم اسلام کا پہلا ملک بن گیا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم ملکی سالمیت اور دفاع کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں جو جدت، سائنسی تحقیقات اور حب الوطنی کے گہرے احساس کو پروان چڑھائے۔ سارہ مصدق نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی طاقت نے دشمن کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
ڈاکٹر عاصمہ اکبر نے ڈاکٹر عبد القدیر خان ، تمام سائنسدانوں اور ٹیکنیشنز ، افواج پاکستان اور تمام سیاستدانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر کردیا ، یوم تکبیر یوم پاکستان ہے ، یوم تکبیر نے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کردیا ، پاکستان کو نیوکلیئر طاقت بنانے کے لئے پاکستان کے عوام ، سیاستدانوں ، پاک افواج ، سائنسدانوں اور تمام ٹیکنیشنز نے دل و جان سے اپنا کردار ادا کیا۔
تقریب میں طالبات نے جذبہ حب الوطنی پر مبنی تقاریر پیش کیں۔