یومِ تکبیر کے موقع پر ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں خصوصی تقریب

یومِ تکبیر کے موقع پر ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، تقریب میں یونیورسٹی کے طلباء، اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر سجاد نعیم نے سر انجام دیئے، ڈاکٹر علیم اشرف نے "یومِ تکبیر” کی تاریخی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنگِ میل ہے۔ انہوں نے ایٹمی دھماکوں کے پس منظر، عالمی دباؤ اور اس کے باوجود پاکستان کے جرات مندانہ فیصلے کو علمی و تاریخی تناظر میں واضح کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا انحصار اس کی سلامتی اور بقا پر ہوتا ہے، اور یومِ تکبیر اس حقیقت کا اعلان ہے کہ پاکستان ایک خودمختار اور دفاعی لحاظ سے مضبوط ملک ہے۔
ڈاکٹر ماریہ اشرف ڈوگر نے کہا کہ 28 مئی کا دن نہ صرف پاکستان کی عظمت کا دن ہے بلکہ یہ ہر پاکستانی کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کس طرح عالمی دباؤ کے باوجود اپنی خودمختاری کا دفاع کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سجاد نعیم نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ یہ ہماری قومی غیرت، خودداری اور عزم کا مظہر ہے۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے عظیم دنوں کو یاد رکھتی ہیں اور اُن سے سبق سیکھ کر آگے بڑھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے، یہ دن ہمارے نوجوانوں کو یہ پیغام دیتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی سلامتی، ترقی اور بقا کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار رہیں۔