بھارت ہمیں للکارے، نوجوان ہماری طاقت ہیں : رانا مشہود

وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے بہاءالدین زکریا یونیورسٹی میں مختلف یونیورسٹیز کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور انہیں با اختیار بنانے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں خود جنوبی پنجاب میں پڑھا، لاہور گیا اور اب اسلام آباد میں بیٹھ کر یوتھ کے لیے کام کر رہا ہوں۔ نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ ہونا چاہیے، محنت کا صلہ ضرور ملتا ہے۔
رانا مشہود نے صبیحہ شاہین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان کے ساتھ مل کر یوتھ پالیسی مرتب کی۔ انہوں نے بتایا کہ 2011 میں نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ہنر سکھائے گئے، اور انہیں آن لائن پلیٹ فارمز پر کام کرنے کی ترغیب دی گئی، جس کا نتیجہ آج ملک کی عالمی سطح پر شناخت کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لیے مفت لیپ ٹاپ اور فری وائی فائی جیسی سہولیات فراہم کیں۔ مدارس کے طلباء کو بھی ٹیکنیکل تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ وہ بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔
ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2011 میں پاکستان لوڈ شیڈنگ میں ڈوبا ہوا تھا، جس پر اب قابو پایا جا چکا ہے۔ نعرے لگانا آسان ہوتا ہے مگر کام کرنا مشکل، اور ہم نے کر کے دکھایا۔
رانا مشہود احمد نے عالمی اداروں کی جانب سے فلسطین، شام، عراق اور لیبیا میں مظالم پر خاموشی کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جھوٹے واقعات کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشیں کیں، مگر ہم نے ان کے الزامات کا بھرپور جواب دیا اور عالمی سطح پر ان کی سازشیں بے نقاب کیں۔
انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ ڈیجیٹل سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہو کر مفت ہنر حاصل کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں بھی مواقع دے گی اور 2028 اولمپکس میں زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتنے کا ہدف ہے، دنیا کو بتانے کا وقت آ گیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے، اور ہم سے ٹکر نہ لی جائے۔