افسوس ، پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جارہی ہے : شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل کیلئے سہولت کاری کا کردار ادا کررہا ہے، افسوس ہے پاکستان کوقربانی کا بکرابنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں جاری پر تشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، پاکستان سمجھتاہے کہ مسئلے کاحل افغان فریقوں پر مشتمل مذاکرات میں ہے، پڑوسی ملک میں عدم استحکام سے پاکستان کو شدید نقصان لاحق ہوگا۔
چھ اگست کو افغانستان سے متعلق سیکیورٹی کونسل میں بریفنگ ہوئی، افغانستان سے متعلق بریفنگ پر بھارت سے بطور سیکیورٹی کونسل صدر رابطہ کیا تھا، بھارت نے مثبت ردعمل نہیں دیا،ہماری درخواست کو قبول نہیں کیا گیا، بھارت کو سلامتی کونسل کے صدرکی حیثیت سےایسارویہ زیب نہیں دیتا۔
افغان صورت حال پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،ںبد قسمتی سے دوسروں کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جارہاہے، ہم بارہا کہہ چکے کہ افغانستان میں ہماراکوئی پسندیدہ فریق نہیں، پاکستان سمجھتا ہے کہ الزام تراشی کے بجائے پائیدار امن کیلئے آگے بڑھا جائے۔


















