افواہیں 15دن میں دم توڑ دیں گی،احتجاج قانون کےدائرے میں قبول ہوگا: شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے احتجاج کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں ہمیں قبول ہوگا لیکن کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ خطہ اہم ترین دور سے گزر رہا ہے، اپوزیشن یہ بات جان لے کے یہ شور شرابے کا وقت نہیں ہے اور الیکشن میں بھی صرف 20 سے 22 ماہ رہ گئے ہیں تھوڑا سا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن نے کوئی غلطی کی تو ان کےلیے مسائل پیدا ہوں گے، کیوں کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی، لہذا کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن افواہوں کے سہارے تحریک چلانا چاہتی ہے لیکن 10 سے 15 دن میں یہ افواہیں دم توڑ جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو نشانہ بنانے پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کے دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا میں پہلے ہی معترف ہوں، رواں ماہ آبدوز حمزہ کے دورے سے میرا یقین مزید پختہ ہوگیا ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بھارت شاید بھول بیٹھا تھا کہ پاک بحریہ بھی ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے، دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔


















