اولمپئین نوید عالم ہاکی کا ایک درخشاں ستارہ تھے:رانا ندیم

رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان نے کہا ہے کہ اولمپئین نوید عالم ہاکی کا ایک درخشاں ستارہ تھے۔
انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ہاکی کے کھیل میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، ان کی وفات سے پاکستان میں ہاکی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
وہ نویدعالم کی ناگہانی وفات پر ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے مشترکہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اور نوید عالم نے کالج میں اکھٹے ہاکی کھیلنی شروع کی تھی، مرحوم ہاکی کے ساتھ والہانہ عشق کرتے تھے،اس لئے انہوں نے دوران کھیل ان گنت اعزازات اپنے نام کئے۔
عدنان نعیم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے،اور پاکستان نے ہمیشہ ہاکی کے بہترین کھلاڑی تیار کیے ہیں۔ نوید عالم کا شمار بھی ایسے چند نامور لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم عرصہ اپنا مقام بنایا۔
اجلاس کے اختتام پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔



















