ایم فائیو موٹروے پر جدید ترین کیمرے نصب

موٹروے پولیس نے ایم فائیو موٹروے پر گاڑیوں کی رفتار اور نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ترین کیمرے نصب کردیئے ہیں۔
ایم فائیو موٹروے ملتان سے جلالپورپیروالہ، احمد پورشرقیہ، رحیم یارخان، صادق آباد، اوباوڑ ،پنوں عاقل کے راستے سکھر تک جاتی ہے۔ اس منصوبے پر دوارب 89کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔
موٹروے حکام کے مطابق ایم فائیو پر یہ کیمرے بیشتر مقامات پر فعال ہوگئے ہیں اور تمام ٹریفک کی آمدورفت بھی ان کیمروں کی مدد سے مانیٹر کی جارہی ہے۔
کیمروں کی مدد سے نہ صرف یہ کہ گاڑیوں کی سپیڈ کنٹرول کرنے اور حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی ، بلکہ اس سے چالان سسٹم بھی خودکارنظام میں آجائے گا۔
اس چھ رویہ موٹروے کا 5نومبر 2019 کو افتتاح ہوا تھا۔ اس پر 11انٹرچینج اور 12سروس ایریازہیں۔
ڈی ایس پی موٹروے عابد مرزا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کیمرے ابھی مکمل طورپرفعال نہیں ہوئے۔ تاہم ابھی ہم صرف سپیڈ چیک کررہے ہیں۔ کیمروں کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزی ،غلط لین میں جانے والوں اور غلط انڈیکیٹر دینے والوں کوبھی چیک کیاجاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑافائدہ یہ ہوگا کہ ٹریفک کی ساری نقل وحرکت موٹروے پولیس کی نظروں میں ہوگی۔ کسی حادثے یا گاڑی کی خرابی کی صورت میں ہم فون کرنے سے پہلے مدد کوپہنچ سکیں۔



















