بزوٹا کا بڑا اعلان!اے ایس اے کا الیکشن ہوگاکورونا کے بعد

بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (بزوٹا) نے اےایس اے کے الیکشن بارے پالیسی اعلان کردیا۔
ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا گروپ کی اعلی سطحی قیادت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر ممتاز خان کلیانی، ڈاکٹر عمران جاوید، ڈاکٹر ریحان صادق شیخ، ڈاکٹر عمران شریف، ڈاکٹر نجم الحق ، ڈاکٹر اکبر انجم اور یوسف تاثیر سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی ۔
اجلاس میں دائیں بازو کی اساتذہ تنظیم کی طرف سے آئے روز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن پر غیر منطقی تنقید اور بیان بازی کی شدید مذمت بھی کی گئی۔
بزوٹا عہدیداران کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں کرونا کی بندشوں کے باوجود اے ایس اے کی شاندار اور بلا تفریق کارکردگی کو سراہنے کی بجائے ایسے غیر منطقی بیانات جاری کیے جا رہے ہیں، جو مفاد پرست عناصر کے سیاسی عہدوں کے حرص اور ہوس کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اے ایس اے کو کرونا وبا کی وجہ سے اپنی ایک سال کی آئینی مدت میں بھی تمام عرصہ کام کرنے کی مہلت نہیں مل سکی اس کے باوجود انہوں نے بروقت انتخابات کے انعقاد کی سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام رسمی تقاریب بشمول سپورٹس گالا اور تقریب تقسیم انعامات جلد از جلد منعقد کروائیں۔
اے ایس اے کو تحلیل کرنے کے لئے جنرل باڈی میٹنگ کا انعقاد ضروری ہے اور وہ اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک کرونا کا زور کم نہ ہو اور ادارے کھل نہ جائیں۔
سیاسی مخالفین ہوش کے ناخن لیں اور اپنی کمیونٹی کی زندگیوں کو اپنی سیاسی ہوس کی بھینٹ چڑھانے سے باز رہیں۔
بزوٹا نئے انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے لیکن اس وقت پانچ سو سے زائد فیکلٹی ممبران کو ایک جگہ اکٹھا کرنا حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ خطرے سے خالی نہ ہوگا۔
بزوٹا عہدے داران نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کھلتے ہی اے ایس اے کو تحلیل کرنے کے لیے جنرل باڈی میٹنگ بلائی جائے اور نئے انتخابات کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے تاہم موجودہ حالات میں اس قسم کی کوئی بھی سرگرمی انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل ہو گا۔



















