بھارت نے کشمیریوں پرمظالم کی انتہاکردی :فخر امام

وفاقی وزیر برائے نیشنل سکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر ریاستی عسکریت کے حوالے سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔80 لاکھ کی آبادی میں 9 لاکھ بھارتی فوجی اورسکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، اور9/1 کی شرح سے یہ دنیا کاسب سے زیادہ فوج والا علاقہ ہے۔
اتوارکے روز اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 5اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھا رت نے وہاں مظالم کی انتہا کردی ہے۔
یہ مظالم پہلے بھی جاری تھے، کشمیری عوام 1931سے اپنی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں جب وہاں مہاراجہ نے 22 کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہرگزرتا دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں تیزی پیدا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کوجب بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35اے کا خاتمہ کرکے کشمیرکی جداگانہ حیثیت ختم کی، تو پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہرفورم پر یہ مسئلہ اٹھایا، اور پاکستان کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کرانے میں کامیاب ہوگیا۔
اب عالمی برادری اس بات پرمتفق ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی 1949 کی قراردادکے مطابق ان کاحق رائے دہی دیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے شملہ معاہدے کے بعد حق رائے دہی کے حوالے سے ابہام پیدابکرنے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہاکہ اس جدوجہد آزادی میں اب تک 95ہزار کشمیری شہید ہوچکے ہیں، ان کشمیریوں کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔
سید فخرامام نے مزید کہاکہ برہان وانی کی شہادت کے بعد ان کے جنازے میں 3 لاکھ افراد نے شرکت کی۔اس کے بعد بھارت نے کشمیریوں پرمظالم کی انتہا کردی، انہیں اذیتیں دی گئیں،خواتین کو ریپ کی اگیا، بچوں اورنو جو انوں کو اندھا اور قتل کیا گیا، یہ ایسی دہشت گردی ہے جسے نظراندازنہیں کیاجاسکتا۔




















