تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف ملنے کا عمل جاری:جہانگیر ترین

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف ملنے کا عمل جاری ہے، جنوبی پنجاب صوبے کے لئے اخباری بیانات کی بجائے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے پیپلز پارٹی سمیت کسی سیاسی جماعت سے میرا کوئی رابطہ نہیں، بجٹ میں عوام کو ریلیف ملے گابڑے بڑے سیاستدان اس خطے سے ووٹ لے کر واپس نہیں آتے۔
زکریا یونیورسٹی میں اربن فارسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ڈھونڈنا ہے میرے ساتھ انصاف کا معاملہ پراسیس میں ہے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنا کر رہیں گے ، شوکت ترین سمجھدار وزیر خزانہ ہیں انہوں نے جو بجٹ بنایا ہے، اس میں عوام کو ریلیف ملے گا۔
ماحول کو سازگار بنانے کے لئے درخت لگانے ضروری ہے جس سے ماحول کے لئے فرق پڑے گابعض کام انسان اپنے اور بعض کمیونٹی اور عوام کے فائدے کے لئے کرتا ہے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کچھ واپس کرنے کے لیے لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کی بنیاد رکھی، ہم جنوبی پنجاب کے لوگ ہیں اور یہاں کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں ، جنوبی پنجاب سے کامیاب ہونے والے خطے کو بھول جاتے ہیں اپنے علاقے کے لیے کام کرنے میں سب سے زیادہ برکت ہے بڑے بڑے سیاستدان کی چھوٹے کاموں پر نظر نہیں پڑتی۔
جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کہا جاتا کہ یہاں کے لوگ نوکریاں نہیں حاصل کر سکتے میں کہتا ہوں یہاں کے لوگوں کو وہ تعلیم دی جائے جو پنجاب میں ہے تو حیران کن نتائج دے سکتے ہیں جنوبی پنجاب کو باقی پنجاب کے برابر لے کر آئیں گے۔
میں وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک زندہ ہوں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنوائیں گے۔
بعدازں انہوں نےبہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں 11 ایکڑ پر محیط پاکستان کی پبلک یونیورسٹیز کے سب سے بڑے اربن فاریسٹ کا افتتاح کیا جو لودھراں پائلٹ پروجیکٹ (ایل پی پی)، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور ورلڈ وائلڈ فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان کی مشترکہ کاوشوں سے بنا ہے ۔
افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر بی زیڈ یو ملتان پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کُنڈی، ڈبلیو ڈبلیو ایف کی تکنیکی ٹیم اور چیف ایگزیکٹو آفیسرایل پی پی ڈاکٹر محمد عبدالصبور بطور مہمانان خصوصی شامل ہوئے۔
آخر میں کمیٹی روم میں وائس چانسلر جہانگیر ترین اور دیگر افراد میں شیلڈ تقسیم کیں۔
واضح رہے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں 11 ایکڑ زمین پر لگایا جانے والا یہ فاریسٹ ناصرف ملتان بلکہ ملک بھر کی سرکاری و غیر سرکاری جامعات کا سب سے بڑا اربن فاریسٹ ہے جس میں 11 ایکڑ زمین پر 3660 پھلدار اور سایہ دار پودوں کی شجرکاری کی گئی ہے۔ اربن فاریسٹ میں 300 آم، 1200 جامن، 540 کینو، 970 شہتوت اور 650 ارجن کے درخت لگائے گئے ہیں۔ یہ مستقبل میں یونیورسٹی کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ تازہ آکسیجن کی فراہمی کا باعث بنیں گے۔
لودھراں پائلٹ پروجیکٹ کے اس سے قبل لودھراں میں 12 ایکڑ زمین پربھی ایک اربن فاریسٹ لگاچکی ہے۔ جس میں تقریبا 15000 پودے لگائے گئے ہیں، اس کے علاوہ گزشتہ 3 سالوں میں ایل پی پی تقریبا2 لاکھ ستر ہزار پودے لودھراں، ملتان اور جھنگ شہر میں لگا چکی ہے۔
یہ اربن فاریسٹ لودھراں پائلٹ پروجیکٹ اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے درمیان ہونے والی ایک ایم او یو کے نتیجے میں شروع کیا جانے والا یہ پہلا منصوبہ ہے جو موسمیاتی تبدیلی اور اس سے مرتب ہونے والے اثرات کو نہ صرف کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گابلکہ شہر میں سرسبز جگہوں میں اضافہ بھی کرے گا۔ یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرسبز و صاف پاکستان مہم کے حوالے سے ایل پی پی نے تاحال جنوبی پنجاب میں گزشتہ تین سال میں دو لاکھ ستر ہزار پودوں کی شجرکاری کی ہے جبکہ اگلے دو سالوں میں مجموعی طور پر پانچ لاکھ پودوں کی شجرکاری کا ہدف طے کیا ہوا ہے۔ حالیہ منصوبہ دیگر جامعات کے لئے منفرد و روشن مثال ہوگا اور ملکی سطح پر جاری سرسبز و صاف پاکستان مہم میں ایک اہم باب کے طور پر شامل ہوگا۔




















