تیل دار اجناس کی بہترین پیداوار بارے مقابلہ

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں تیل دار اجناس کی بہترین پیداوار بارے مقابلہ منعقد کیا گیا۔مقابلہ میں پوزیشن لینے والے کاشتکاروں کیلئے تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کمشنر ملتان آفس میں کیا گیا۔ تیل دار اجناس پیداواری مقابلہ میں پہلی پوزیشن لینے والے کو 3 لاکھ کا چیک،دوسری پوزیشن کو 2 لاکھ، تیسری کو 1 لاکھ کاچیک دیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔معاشی چیلنجز کو حل کرنے کے لئے زراعت کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔زرعی شعبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔ریسرچ کرکے زرعی پیداوار کی بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زراعت اور صنعت کے شعبے کو لنک کرنے کی ضرورت ہے۔پاک چین کوریڈور کی وجہ سے مستقبل میں ملتان تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔زرعی اجناس کی کوالٹی بہتر کرکے بین الاقوامی سطح پر متعارف کروائیں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے بتایا کہ ڈویژن میں کینولا اور سورج مکھی کی پیداوار بارے مقابلہ کروایا گیا۔40کاشتکاروں کو زرعی پیداوار کو مدنظر رکھتے ہوئے چنا گیا۔ 6 کاشتکاروں نے بہترین پیداوار پر پوزیشن اور انعام حاصل کئے۔ عامر علی نے 33 من ایکڑ سورج مکھی کی پیداوار پر پہلا انعام حاصل کیا جبکہ محمد اجمل،عبدالرزاق نے دوسرا انعام حاصل کیا۔ کینولا میں ناظم علی، محمد سفیل، عبدالروءف نے تیسرا انعام حاصل کیا۔
کاشتکاروں نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا تے ہوئے کہا کہ پہلی بار کسی حکومت نے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے نعروں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کئے ہیں۔کاشتکاروں نے وزیر اعظم،وزیراعلی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔



















