جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر محمد یعقوب شیخ ریٹائر ہوگئے

جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر محمد یعقوب شیخ اپنی مدت ملازمت پوری کرکے گزشتہ روز سروس سے ریٹائرہوگئے، ان کے اعزاز میں میپکو ہیڈ کوارٹر میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔
جس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر ٹیکنیکل رئیس عبدالاحد نے کہا کہ پاور سیکٹر کے سینئر انجینئرز تیزی سے ریٹائرہورہے ہیں اور نئے انجینئرز کی تربیت کرنے اور انہیں درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔
ریٹائر ہونے والے جنرل منیجر آپریشن محمد یعقوب شیخ نے اپنی سروس ایمانداری اور لگن سے سرانجام دی، اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(حیسکو)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے فرائض سرانجام دے کر میپکو کا تجربہ وہاں منتقل کیا اور کمپنی کا نام روشن کیا۔میری دُعاہے کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی خوش و خرم گزرے۔
ریٹائر ہونے والے جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر محمد یعقوب شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 1987ء میں کوٹ لکھپت لاہور سے بطور جونیئر انجینئر اپنی سروس کا آغاز کیا ، اور اس کے بعد ملتان ایریا الیکٹریسٹی بورڈ میں پوسٹنگ ہوئی اور ریٹائرمنٹ بھی میپکو سے ہورہی ہے۔
اللہ رب العزت کا شکر گزارہوں کہ60سال کی عمر میں سروس پوری کرکے باعزت طورپر ریٹائرہواہوں۔میں میپکو انتظامیہ، ایڈمنسٹریشن اور فنانس کے افسران کا مشکور ہوں جنہوں نے میرے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا۔
چیف سٹریجیٹک پلانر ناصر ایازگورمانی نے کہا کہ میں نے اورمحمد یعقوب شیخ نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) میں خدمات سرانجام دیں۔ میری پوسٹنگ بطور سپریٹنڈنگ انجینئر قصورسرکل میں تھی جبکہ ریٹائرہونے والے جنرل منیجر سرکل مانیٹر/چیف انجینئر تھے۔
لیسکو انتظامیہ نے لاہور میں سروس کے دوران مشکل ترین ٹاسک سونپے جنہیں میپکو کے انجینئرز نے خوش اسلوبی سے سرانجام دیکر میپکو انجینئرز کا نام روشن کیااور کمپنی کا نام نمایاں کرتے رہے۔
چیف انجینئر ا واینڈ ایم ڈسٹری بیوشن چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ باعزت ریٹائرمنٹ ایک اعزاز ہے۔محنت اورجدوجہد سے اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے والے افسران مبارکباد کے مستحق ہیں۔محمد یعقوب شیخ جیسے مخلص آفیسر ادارہ کا اثاثہ ہوتے ہیں اور انکی محکمہ کے لئے خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن میپکو لیاقت علی میمن نے کہا کہ میپکوانتہائی سینئر افسر سے محروم ہوگئی ہے ان کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔
بعدازاں جنرل منیجر ٹیکنیکل رئیس عبدالاحداور دیگر سینئر افسران نے جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر محمد یعقوب شیخ کوواجبات کا چیک اور تحائف دئیے۔
اس موقع پرمیپکو ہیڈ کوارٹر کے تمام شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔



















