جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ اس خطے کی تعمیر میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا: کیپٹن(ر) ثاقب ظفر

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ اس خطے کی تعمیر میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور ہر شعبے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ رواں بجٹ میں مختص189 ارب روپے کی ایک ایک پائی جنوبی پنجاب کے منصوبوں پرخرچ کی جائے گی۔سالانہ ترقیاتی پروگرام کے90فیصد منصوبوں کی منظوری دی جا چکی جبکہ 770 پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
کیپٹن(ر)ثاقب ظفرنے کہا کہ زراعت اور تعلیم سمیت جنوبی پنجاب کے تمام ڈیپارٹمنٹس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔جنوبی پنجاب میں گندم کی بمپر کراپ کے بعد کپاس کی فصل کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔صرف جنوبی پنجاب سے 53 لاکھ گانٹھ کپاس حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اسی طرح کپاس کی آئندہ فصل کی کاشت کا رقبہ بڑھانے کے لئے میگا پلاننگ کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی ملتان کا خانیوال میں کیمپس قائم کیا جارہا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ ارلی مارننگ سکول، سکول برائے ٹرانس جینڈر کمیونٹی اور ہاکی لیگ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے قابل فخر اقدامات ہیں۔اسی طرح صحت کے شعبے میں میگا پراجیکٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں۔نشتر ٹو، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ڈی جی خان اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ملتان کی ایکسٹینشن کے منصوبوں کی تکمیل سے صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔
کیپٹن(ر)ثاقب ظفر نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ میں تمام ڈیپارٹمنٹس کو مرحلہ وار منتقل کیا جائے گا۔وزیراعلی عثمان بزدار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو سو فیصد خود مختیار اور فعال دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سول سیکرٹریٹ کی بلڈنگز کی تعمیر کے لئے ملتان اور بہاولپور میں وسیع اراضی مختص کی گئی ہے جہاں تمام محکموں کے دفاتر قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان میں قائم سیکرٹریز کے دفاتر کو عارضی طور چونگی نمبر 9 کے مقام پر زیر تعمیر میٹرو بس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں منتقل کرنے کا پلان بنایا گیا ہے کیونکہ ایک ہی چھت تلے تمام محکموں کے دفاتر کے قیام سے سیکرٹریٹ کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ میٹرو بس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی بلڈنگ کے تین فلور دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے۔


















