حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی، اگلی باری بھی ہماری: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں۔ حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کیلئے صرف صبر کی دعا کر سکتا ہوں۔ حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔
لولی لنگڑی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،آئینی مدت پوری کریں گے۔ اگلی باری پھر ہماری ہے۔
کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے اوراسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، لیکن پھر بھی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے۔
مہنگائی موجودہ حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے مہنگائی کی وجوہات اس کے اندرونی اور بیرونی عوامل اور ان سے نبرد آزما ہونے کی حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔اور ہماری اقتصادی ٹیم اس پر ہوم ورک کررہی ہے جس کے انشاء اللہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
معاشرے کے محروم طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب این اے 156 میں مختلف مقاما ت پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا خطے میں اور بلخصوص افغانستان میں امن کی خواہش رکھتے ہیں۔ پاکستان ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ا من کا قیام خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
خطے میں امن کے قیام سے تعمیر و ترقی کا حصول ممکن ہو سکے گا، ہم نے خطے میں امن کیلئے بھاری قربانی دی ہے۔ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے۔کچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ امن مخالف قوتیں جو افغانستان کی مخدوش صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں موقع نہ مل سکے۔ہم نے عالمی برادری کوبھی ایسی قوتوں بارے آگاہ کردیا ہے۔
پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔
قبل ازیں ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمتہ اللعالمین کے سلسلے میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔رحمت اللعالمین ؐ کے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔صبر و تحمل‘برداشت‘رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے۔
نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کسی ایک مکتب فکر کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشل راہ ہے۔ حضور پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم تمام دنیا وی چیلنج سے نمٹ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے روجحانات لمحہ فکریہ ہیں۔ ان سے نمٹنے کیلئے مسلم امہ کو یکجاں ہو نا ہوگا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صو بائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا آقائے دو جہاں کے رہنما اصول امانت اور صداقت ہمارے لئے مشعل راہ اور راہ نجات ہیں۔رسول اکرم ﷺکی ذات اقدس حق کا پیغام ہیجس کی روشنی میں ہم آگے بڑھیں گے۔
کانفرنس سے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر‘ ملک احمد حسین ڈیہڑ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک‘ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان سی پی او منیر مسعود مارتھ‘ ارکین صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری‘ندیم قریشی‘ سلیم لابر‘ ظہیر الدین علیزئی‘ قاسم خان لنگاہ‘وسیم خان بادوزئی،خالد جاوید وڑائچ،بابر شا ہ‘ اعجاز احمد لوٹھڑ،حافظ مشتاق،ملک اکرم کنہوں نے شرکت کی۔


















