حکومت کپاس کی پیداوار میں اضافے اور اسے منافع بخش بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے:سیکرٹری زراعت

حکومت کپاس کی پیداوار میں اضافے اور اسے منافع بخش بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے سی سی آئی ملتان میں منعقدہ ایک روزہ چھٹے قومی سیمینار برائے "کپاس کی گلابی سنڈی کی مینجمنٹ”کی صدارت کرتے ہوئے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار ممکنہ حد تک پہلے سپرے میں تاخیرکریں۔ سفید مکھی،گلابی سنڈی و دیگر ضرر رساں کیڑوں کو نقصان کی معاشی حد سے نیچے رکھنے کیلئے پہلا سپرے پلانٹ ایکسٹریکٹس کا کریں اوراگر زرعی زہروں کا استعمال ناگزیر ہوجائے تو کاشتکارزہروں کو باری باری استعمال کریں تاکہ کیڑوں میں مزاحمت ختم کی جاسکے۔
سیکریٹری زراعت کا کہنا تھا کہ آ ئی پی ایم پروگرام کپاس کی بحالی میں بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔
سیکریٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے سیمینار کے شرکاء سے خچطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کے تحقیقی میدان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر آنا ہوگا اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ہی کپاس کے میدان میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔
سیکریٹری زراعت جنوبی پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ گلابی سنڈی اور کپاس کے دیگر ضرر رساں کیڑوں کے خلاف بائیولو جیکل کنٹرول کا استعمال کیا جائے اور کاشتکاروں کو فصل کو زیادہ تعداد میں سپرے سے روکا جائے۔
نائب صدر پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹرمحمد علی تالپورنے شرکاء سے کہا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کپاس کی زیادہ پیداوار کے حصول اور بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں سے بچا ؤکے لیے خصوصی کوششیں کر رہی ہے اورملکی معیشت کے استحکام اور کپاس کے کاشتکاروں کو درپیش چیلنجز کے حل میں پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور و زیر اعظم پاکستان عمران خان بہت جلدکسان پالیسی کا اعلان کرنے جا رہے ہیں اور اس میں زرعی شعبہ کی ترقی و کسان دوست اقدامات اٹھائے جانے کا اعلان کریں گے۔


















