خسرہ اور روبیلا مہم کے تیاری کے لئےصوبہ بھر میں ماہرین کی تربیت کا آغاز
ملک بھر میں نومبر میں ہونے والی خسرہ اور روبیلا مہم کے حوالہ سے پنجاب میں ماسٹر ٹرینرز کے لئے ملتان کے مقامی ہوٹل میں تربیتی سیشن کا اہتما م کیا گیا۔
توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے ان ٹریننگز کا اہتمام عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
ملتان میں ہونے والی AEFI ٹریننگ اس اہم موضوع پر ہو نے والی دوسری تربیتی ورکشاپ ہے۔
جمعہ کے روز لاہور میں پہلی وکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اپنے پیغام میں ڈائرکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے کہا کہ تمام ویکیسنز تحقیق اور ٹرائلز کے لمبے مراحل کے بعد متعارف کروائی جاتی ہیں۔ بہت سی جان لیوا اور مہلک بیماریوں کے خلاف انسانی جانوں کا بچاؤ ویکسینز کی بدولت ہی ممکن ہوا۔ انسانی تاریخ میں صحت عامہ کے کامیاب ترین اقدامات میں ویکسینز سر فہرست ہیں۔ تاہم کئی لاکھ میں سے چند ایک کیسز میں ہلکا بخار یا سوزش جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ ایسے کیسز کے لئے ڈاکٹرز کو پیشہ ورانہ تربیت دینا بہت ضروری ہے۔ یہ تربیتی ورکشاپس بچوں کی بیماریوں کے ضلعی ماہرین اور سرویلیس کوارڈی نیٹرز کو دی جا رہی ہیں۔
یہ ماسٹر ٹرینرز جنرل پریکٹیشنرز اور یونین کونسل کے ڈاکٹرز کو کرائیسز کمیونی کیشن, کیس مینیجمنٹ اور ویکسین کے استعمال پر دیگر پہلووں کے بارے میں تربیت فراہم کریں گے۔۔
ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تکنیکی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی مہم 15 سے 27 نومبر تک منعقد کی جائیگی۔ صوبہ بھر میں 9 ماہ سے 15سال کے 4 کروڑ 66 لاکھ سے زائد بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتا یا کہ 12روزہ مہم میں بچوں کو مراکز صحت، سکولوں اور آؤٹ ریچ مراکز میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے پیغام میں کہا کہ بہتر تربیت سے ہی بہترین مہم کا انعقاد ممکن ہے۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈائرکٹر ای پی آئی ڈاکٹر محبت علی نے کہا کہ ضلع تحصیل اور یو نین کونسل کی سطح پر AEFI فوکل پرسن موجود ہیں۔
مزید معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ تمام سٹیک ہولڈردز کی مشاورت سے فوری ریسپانس کا نظام تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا مہم کے دوران پنجاب کے سرکاری اور نجی سکولوں اور کمیونٹی میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔ ڈاکٹر محبت علی نے مہم کے لئے تربیت فراہم کرنے پر عالمی ادارہ صحت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خسرہ اور روبیلا ویکسین مہم کے لئے بچوں کے معالجین کی قومی تنظیم پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن بھی حکومت کی تکنیکی معاونت کر رہی ہے۔
ورکشاپ میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ٹکنیکل آفیسر ڈاکٹر عمران قریشی اور ایم آر کنسلٹنٹ ڈاکٹر مظہر قریشی نے تربیت فراہم کی۔


















