خواتین کو کارآمد اور بااثر بنانا ہوگا :ڈپٹی کمشنر ملتان

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین فعال کردار کرتی ہیں وطن عزیز کو آگے بڑھنے کیلئے خواتین کو کارآمد اور بااثر بنانا ہوگا تاکہ دنیا میں برداشت امن اور استحکام کا پیغام بھی دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ وومن پیس فورم بااثر خواتین کو موثر پلیٹ فارم مہیا کرکے معاشرے کی نظر انداز خواتین کیلئے بہترین کام کررہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ڈسٹرکٹ وومن پیس فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم پی اے و فوکل پرسن فورم سبین گل بھی انکے ہمراہ تھیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وومن پیس فورم میں شامل بااثر خواتین کی صلاحیتیوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور معاشرے کی بہتری اور امن کے فروغ کیلئے بھرپور کام کیا جائے گا۔
اس موقع پر فوکل پرسن و ایم پی اے سبین گل نے کہا کہ وومن پیس فورم نے امن کے فروغ کیلئے مختلف کامیاب پروگرام کرائے جن کے ذریعے امن برداشت اور خواتین کے حقوق کا بھرپور پیغام دیا گیا۔
سبین گل نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے وژن کے مطابق ضلع میں خواتین کے حقوق کیلئے کام کیا جائے گا اور اس فورم کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
اجلاس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شمیم اختر،زہرا سجاد زیدی ،رخسانہ انور اور ڈاکٹر سمزا فاطمہ نے بھی شرکت کی۔


















