دارالامان میں پناہ لینے والی خواتین کی شرح میں 30فیصد اضافہ ریکارڈ، ثناء جاوید
سوشل ویلفیئر آفیسر ثناء جاوید نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد اور گھریلو مسائل میں اضافے کے باعث دارالامان میں پناہ لینے والی خواتین کی تعداد میں اضافہ ہو ا ہے ، جس کے بعد دارالامان کے ریکارڈ اور اعداد وشمار کو ڈیجیٹیلائزکرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔
سوشل ویلفیئر آفیسر ثنا جاوید نے میڈیا کوبتایا کہ دارالامان میں پناہ لینے والی خواتین کی شرح میں مجموعی طورپر 30فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پچھلے سال کے مقابلے میں اس برس صرف دوماہ کے دوران 50خواتین دارالامان آئیں۔ پچھلے برس یہ تعداد 15سے20کے درمیان تھی، اور پناہ لینے والی خواتین صلح صفائی کے بعد گھروں کوواپس بھی چلی جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ملتان میں وسیع و عریض رہائشی عمارت بنانا حکومت پنجاب کا ایک قابل تحسین اقدام ہے۔ ملتان دارالامان کی نئی عمارت کشادہ اور تمام سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے چند ماہ میں دارالامان میں مکمل طورپر جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گا۔



















