ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل: ڈپٹی کمشنر ملتان
ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی ہدایت پر ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ضلع ملتان میں اس مقدس ماہ میں علماءکرام ، مذہبی جماعتوں اور جلوس منتظمین قیام امن کیلئے پرعزم ہیں۔
محافل میلاد اور جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں اور سی پی او منیر مسعود مارتھ کی صدارت میں رضا ہال میں اجلاس منعقد ہوا۔رضا ہال میں منعقدہ اجلاس میں علماءکرام اور جلوس منتظمین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے جلوس روٹس اور محافل کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس قیام امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ شان رحمتہ اللعالمین تقریبات بھرپور مذہبی جذبے سے منائی جارہی ہیں اور تمام محکمے اس ضمن میں اپنے ایونٹ کروارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ہمیں برداشت اور امن کا درس دیتی ہے۔
اس موقع پر سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ محافل میلاد اور جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے موثر پلان تشکیل دیا ہے۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام قیام امن کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔منیر مسعود مارتھ نے بتایا کہ جلوسوں کے اوقات کار اور روٹس کو سختی سے مانیٹر کرینگے۔
قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمر الزماں قیصرانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔



















