رحیم یار خان: پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 8 افراد قتل

رحیم یار خان کے علاقے چوک ماہی میں 2 پیٹرول پمپس پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 8 افراد کو قتل کردیا۔
رحیم یار خان کے علاقے چوک ماہی میں ڈاکوؤں نے 2 پیٹرول پمپس پر لوٹ مار کے دوران اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈی پی او اسد سرفراز کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔
افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی شناخت غلام نبی ، نذیر احمد، پیر بخش ، ظہیر، شریف، داؤد، ملک منور اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
آئی جی پولیس پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی۔
بعدازں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان ستارہ امتیاز نے ضلع رحیم یار کی تحصیل صادق آباد کے تھانہ کوٹ سبزل کی حدود میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 8 شہریوں کی ہلاکت کانوٹس لیتے ہوئے فرائض میں غفلت پر ڈی ایس پی،ایس ایچ اواور چیک پوسٹ انچارج کی معطلی کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے فرائض سے کوتاہی کے مرتکب کو عہدہ پر رہنے کا کوئی حق نہیں انہوں نے آر پی او بہاولپور کو ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ڈی ایس پی صادق آباد عباس اختر،ایس ایچ او کوٹ سبزل صفدر عباس سندھو اور چیک پوسٹ انچارج سب انسپکٹر محمد اسلم کی معطلی کا حکم دیا ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا، وزیر اعلیٰ نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔



















