Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زکریا یونیورسٹی کا بجٹ: ملازمین کا اجلاس کا گھیراؤ کرنے کا اعلان

زکریا یونیورسٹی کا 6ارب 6کروڑ 76لاکھ کا بجٹ تیار جو آج پیش کیاجائےگا، ملازمین نےالاونسز میں کٹوتی کی اطلاعات پر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کمیٹی روم کا گھیراؤ کی کال دے دی۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی کا بجٹ 2021-22 کا بجٹ آج فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق زکریا یونیورسٹی کا بجٹ خسارہ بڑھتے بڑھتے ایک ارب کے قریب پہنچ گیا، جس کو کنٹرول کرنے کےلئے کوئی اقدامات نظر نہیں آرہے۔
دستاویزات کے مطابق اوپنگ بیلنس 35کروڑ روپے ہے جبکہ ایچ ای سی کی گرانٹ ایک ارب 57کروڑ 71لاکھ روپے ملے گی ، جبکہ اپنے ذریعے آمدن سے 2 ارب 22 کروڑ 13 لاکھ کی آمدن متوقع ہے ۔ جس میں امتحانی فیس کی مد میں 77کروڑ، 67لاکھ، ایڈ میشن فیس کی مد میں 60کروڑ، رجسٹریشن اور انرولمنٹ فیس کی مد میں 18کروڑ 74لاکھ روپے ہاسٹل فیس کی مد میں 11کروڑ 48لاکھ روپے ، جبکہ دوسرے ذرائع سے 25کروڑ 13لاکھ روپے ، جبکہ ایوننگ کلاسز کے شیئر سے 29کروڑ روپے کی آمدن متوقع ہے ،
جبکہ ایوننگ پروگرام کی مد میں شعبوں کو 53کروڑ 69لاکھ روپے ملیں گے ، جبکہ انوسمنٹ کے منافع سے چار کروڑ78لاکھ روپے ، جبکہ ایس این ای کمیٹی کی سفارشات پر متوقع آمدن 35کروڑ10 لاکھ روپے ہے ، اس طرح کل آمدن 5ارب 7کروڑ95لاکھ متوقع ہے ۔ جبکہ اخراجات کی مد میں پے اینڈ پینشن کی مد میں تین ارب 59کروڑ 70لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے ، نئے اسامیوں کیلئے ایک کروڑ 21لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ۔
ایس این ای کی طرف سے سفارش کردہ اخراجات کی مد میں ایک کروڑ 31 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، حکومت کی طرف سے اعلان کردہ الاونس اور تنخواہ کی مد میں اضافے کےلئے ایک ارب 43کروڑ خرچ کئے جائیں گے ، اپنے ذریعے سے شروع کئے گئے پراجیکٹ پر 4کروڑ 44لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، جبکہ دیگر اخراجات کی مد میں 60کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔
اس طرح کل اخراجات چھ ارب 6کروڑ 76لاکھ متوقع ہیں، اس لحاظ سے بجٹ خسارہ 98کروڑ 80لاکھ روپے ہوگا ۔
بجٹ خسارے کوکم کرنے کےلئے ایچ ای سی سے خصوصی گرانٹ کی اپیل کی جائے گی جس سے 36 کروڑ 55لاکھ کی گرانٹ متوقع ہے، جس کے بعد بجٹ خسارہ 62کروڑ 25لاکھ روپے ہونے کا امکان ہے ۔
گزشتہ برس بھی یونیورسٹی کے دونوں کالج خسارے کا شکار رہے ایگری کالج کا خسارہ 43کروڑ86لاکھ روپے تک پہنچ گیا، جبکہ انجینئرنگ کالج کا خسارہ 40 کروڑ 83لاکھ روپے ہوگیا ہے ۔
بجٹ میں ملازمین کے الاؤنسز اور دیگر مراعات ختم کرنے کی اطلاعات نے کیمپس میں بےچینی پیدا کردی جس پر آج احتجاج کااعلان کردیاگیا ، اور تمام ملازمین کوکمیٹی روم کا گھیراؤ کرنے کی کال دے دی گئی ۔
اس سلسلے میں ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ زکریا کا اجلاس ملک صفدر حسین صدر کی زیر صدارت گزشتہ روز ایسوسی ایشن آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام ممبران نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں صفدر حسین صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے علم میں آ رہا ہے کے ممبران میرے ملازمین بھائیوں کا بونس، لیو انکیشمنٹ، اور آف ڈیز بند کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہے۔ جو کہ مہنگائی کے اس دور میں بہت ناانصافی اور ظلم ہے۔ اگر میرے ملازمین بھائیوں کہ حقوق پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی۔ تو ہم بھرپور احتجاج کریں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔
اس لئے تمام ملازمین آج صبح نوبجے ایڈمن بلاک اکھٹے ہوکر احتجاج کریں گے اور کمیٹی روم کا گھیراؤ کریں گے اپناحق بچانے کےلئےکسی بھی حد تک جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button