Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

سماجی کارکنوں کے لئے خصوصی ”جناحؒ ایوارڈ“ کا اعلان کیا جائے۔ روہی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن

سماجی خدمت سُنت ہے اس کا اجر براہ راست اللہ پاک کی جانب سے ملتا ہے۔ لوگوں کے مسائل کو حل کرنے سے جو سکون و اطمینان نصیب ہوتا ہے اس کی کوئی اور مثال دینا مشکل ہے۔
لیکن یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ ہمارے معاشرے میں سماجی کارکن کو جو پذیرائی ملنی چاہیئے تھی، وہ میسر نہیں۔ ہم عبدالستار ایدھی کے مشن پر کام کررہے ہیں تاکہ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا ممکن ہو اور معاشرتی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکے۔
ان خیالات کا اظہارسینئر سماجی رہنما عرفان الحق حقانی نے روہی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام ”میری کہانی، میری زبانی“ عنوان کے تحت اپنے اعزاز میں منعقدہ ”روہی بیٹھک” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر الگ الگ گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی مئیر ملک فیض رسول رجوانہ، ڈاکٹر فاروق لنگاہ، شاہد محمود انصاری، جواد مین قریشی، منور خورشید صدیقی، سلیم الرحمن مئیو اور عامر شہزاد صدیقی نے کہا کہ یہ ایک مستحسن اقدام ہے کہ بجائے انسان کی وفات کے بعد اس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے، اس کی موجودگی میں اس کی سماجی، معاشرتی اور علمی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔
سماجی رہنما بے لوث اور بیباک ہو کر اپنی تمام تر صلاحیتیں سماج کی خوشحالی و ترقی کے لئے وقف کرتا ہے لیکن بد قسمتی سے اسے ارباب اختیار و صاحبانِ اقتدار سے وہ پذیرائی نہیں ملتی جس کا وہ حق دار ہوتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی جانب سے سماجی کارکنوں کے لئے خصوصی ”جناحؒ ایوارڈ“ کا اعلان کیا جائے۔
مقررین نے کہا کہ سماجی کارکن اپنی خواہشات و تمناؤں کو پس پشت ڈال کر قومی فریضہ سمجھتے ہوئے سماجی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ اس دوران پیش آنے والی مشکلات و نامساعد حالات سے بھی خود نبرد آزما ہوتے ہیں۔ لوگوں کے طعن و نشتر برداشت کرتے ہیں۔ ان کے لئے کوئی سٹیج نہیں سجاتا اور نہ خاص اہمیت دی جاتی ہے، لہذا اب لازم ہوگیا ہے کہ باہمی طور پر متحد و منظم ہوا جائے اور معاشرہ کو باور کرایا جائے کہ سماجی قبیلہ ایک اہم قبیلہ ہے جو سماج کے لئے ہی مثبت سرگرمیوں کے ذریعے کوشاں و سرگرم عمل رہتا ہے۔
اس موقع پر الگ الگ اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالسمیع، یاسمین خاکوانی، غزل غازی، فرحان الحق حقانی، فہیم ممتاز اور ناصر حسین ملک نے کہا کہ ”روہی بیٹھک” جیسی تقریبات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے تاکہ عام آدمی کو آگاہی حاصل ہو کہ سماجی کارکن ان کے لئے کس قدر محنت و خلوصِ نیت سے کام کرتے ہیں۔
روہی بیٹھک میں ملک نعمان حمید، طاہر شفیع ڈھڈی، قاری محمد اقبال اور اقبال بلوچ سمیت دیگر دیگر شریک ہوئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button