سوشل سیکورٹی کارڈ کےلئے رجسٹریشن 28 جون سے شروع ہوگی

پرائیویٹ اداروں میں کام کرنیوالے کارکنوں اور بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کرنے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔28جون سے بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کرنے کے لئے رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔کارکنوں کی رجسٹریشن میں تعاون نہ کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بھٹہ مزدوروں کو بنیادی حقوق دینے کے لئے انہیں سوشل سیکیورٹی کارڈ کا اجراء ضروری ہے۔سوشل سیکیورٹی کارڈ کے اجراء سے انہیں پنشن،علاج معالجہ اور مالی امداد کا حق مل جائے گا۔اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن اور محکمہ لیبر کے افسران سوموار سے مزدوروں کی رجسٹریشن کے لئے بھٹوں کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ کے اجراء میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ کمرشل اداروں کے کارکنوں کی رجسٹریشن کے لئے انکی انسپکشن کی جائے۔اور کارکنوں اور مزدوروں کی رجسٹریشن میں تعاون نہ کرنیوالے اداروں کے مالکان کے خلاف کاروائی کی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی نے کہا کہ قانون میں جبری مشقت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔چائلڈ لیبر میں ملوث افراد کے خلاف درج مقدمات کے چالان عدالت کو بھجوائے جائیں۔
اجلاس میں محکمہ لیبر،سوشل ویلفئیر، پولیس،ای او بی آئی اور بھٹہ خشت یونین کے عہدیداران نے شرکت کی۔



















