سی سی آر آئی کی7 نئی اقسام کی منظوری کی سفارش

ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ،فیصل آباد میں پنجاب سیڈ کونسل کی ذیلی ایکسپرٹ سب کمیٹی کے81واں اجلاس میں سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کی کپاس کی سات نئی اقسام کی کاشت کی منظوری کے لئے سفارشات منظور کی گئیں۔
ذیلی ایکسپرٹ سب کمیٹی کے اجلاس میں پبلک وپرائیویٹ سیکٹر کی کل58کپاس کی اقسام پیش کی گئیں، جس میں سب سے زیادہ سی سی آر آئی کی کپا س کی اقسام کی سفارشات منظور کی گئیں۔
ادارہ ہذا کی منظور ہونے والی کپاس کی اقسام میں بی ٹی اقسام سی آئی ایم 678،سی آئی ایم785،سی آئی ایم775،سائیٹو535،سائیٹو511 اور سائیٹو533 شامل ہیں جبکہ ایک نان بی ٹی قسم سائیٹو226بھی منظور کی گئی۔
اجلاس میں بی ٹی سائیٹو533کو ساہیوال اور بہاولپور ڈویزن کے لئے منظور کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایگری ریسرچ ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی کی صدارت میں ہونے والے ایکسپرٹ سب کمیٹی،پنجاب سیڈ کونسل کے اجلاس میں ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمود نے کی کپاس کی اقسام اجلاس میں پیش کیں،اس موقع پر وائس پریذیڈنٹ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر محمد علی تالپور سیکریٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبد اللہ،کاٹن ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین بلال اسرائیل، سی سی آر آئی وپی سی سی سی ہیڈ کواٹر اسٹاف اور دیگر پی سی سی سی کے ماتحت کپاس کے اداروں کے زرعی سائنسدانوں اور دیگر اسٹاف ممبران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد کی جانب سے ڈاکٹر زاہد محمود اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی۔



















