صوبہ پنجاب کی یونیورسٹیوں کے اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین کا بلا امتیاز ڈسپیریٹی الاؤنس کی فراہمی کا مطالبہ
پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین کی صوبائی قیادت نے بشمول فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن فپواسا، پنجاب، ملازمین ایسوسی ایشن، یونیورسٹی آفیسرز ایسوسی ایشن،اساتذہ افسران اور ملازمین کو بلا امتیاز گریڈ ایک سے بائیس تک ۲۵% ڈسپیریٹی ریڈیکش الاؤنس فراہمی کے لئے مشترکہ مطالبہ کیا۔
انھوں نے مشترکہ طور پر یہ مطالبہ بھی کیا کہ یوٹیلیٹی الاؤنس کے ضمن میں جامعات کے قانون ساز اداروں سے، فوری سفارشات مرتب کر کے حتمی منظوری کے لئے مجاز اداروں کو بھیجا جائے۔
پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ممتاز انور چودھری نے کہا کہ مہنگائی کی سطح آسمان کو چھو رہی ہے، اور حکومت یونیورسٹی اساتذہ اور ملازمین کو ریلیف دینے کی بجائے سپیشل الاونس کی شکل میں انھیں ان کے جائز حقوق سے بھی محروم کر رہی ہے، انھوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین اپنا یہ حق حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، مزید برآں یہ کہ یونیورسٹی ملازمین کو یوٹیلٹی الاونس بھی ملنا چاہیے جس کے لیے وہ فپواسا پنجاب کے ساتھ مل کر لائحہ عمل طے کریں گے۔
فپواسا پنجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احتشام علی نے فپواسا پنجاب چیپٹر کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے دن سے ہی یونیورسٹیوں کی خودمختاری کو ہدف بنائے ہوئے ہے، سپیشل الاونس سے یونیورسٹی ملازمین کو محروم کر کے حکومت کی اعلی تعلیم سے متعلق ترجیحات کا پتہ چلتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے گزشتہ کئی سالوں سے تعلیم کا ریکرنگ بجٹ بھی منجمد رکھا ہوا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر گورنمنٹ نے فوری طور پر یہ نوٹیفیکیشن معطل کر کے اس الاونس کے لیے بیل آؤٹ پیکج کا اعلان نہ کیا تو فپواسا پنجاب، اپنا لائحہ عمل طے کرنے کے بعد لاہور سے اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی، جس میں پنجاب بھر کی یونیورسٹیز کے تمام اساتذہ، آفیسرز اور ملازمین شریک ہوں گے۔
اس موقع پر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے صدر، ڈاکٹر عاطف شہباز، صدر آفیسرز ایسوسی ایشن پنجاب یونیورسٹی جلیل طارق، ایمپلائز رہنما ناصر رحمت، میاں سیف عتیق ناصر رحمت صدر چوہدری بشارت، شاہد بٹ ، حافظ بابر موجود تھے۔


















