Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیر اہتمام پروقار محفل میلاد مصطفی

سرور کائنات و آقائے دو جہاں ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پروقار محفل میلاد مصطفی گزشتہ روز جنرل بس سٹینڈ پناہ گاہ میں منعقد ہوئی۔
نور سے بھری تقریب کی صدارت صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کی جبکہ کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں،سی پی او منیر مسعود مارتھ نے خصوصی شرکت کی جبکہ اراکین اسمبلی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری،واصف مظہر راں،قاسم لنگاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اخلاق احمد،اور معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض عامر شہزاد صدیقی نے سرانجام دیے۔
محفل میلاد مصطفی میں معروف نعت خواں حضرات اور علماء کرام نے سیرت النبی پر کلام پیش کیاصوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عشرہ شان رحمتہ اللعالمین تقریبات کے انعقاد کے ذریعے سرور کائنات ﷺ سے اپنی بھرپور محبت اور عقیدت کا ثبوت دیا۔ 12ربیع الاول کا دن مسلمانوں کے لئے سب سے اہم دن ہے جس میں نبی کریم ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے آپ ﷺ اس دنیا کی وہ ہستی ہیں جنہوں نے بنی نوع انسان کو ایک نئے ضابطہ حیات سے متعارف کروایا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ ﷺ کی ذات با برکات پر سلسلہ ختم نبوت ہوا اور آپ ﷺ اللہ کی آخری کتاب لے کر آئے جو رہتی دنیا تک ہدائیت کا سر چشمہ ہے۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام کائنات کے لئے ہادی ء برحق بنا کر بھیجا آپ ﷺ کی ذات اقدس رحمت اللعالمین ہے۔
پنجاب حکومت نے عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کا انعقاد کر کے جہاں اپنے لئے نیکیاں کمائیں وہیں پر پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم اپنے آقا و مولا حضرت محمد ﷺ سے اپنی جان سے بھی بڑھ کر پیار کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ہر مسلمان اپنا تن من دھن ،اولاد ،حتیٰ کہ ماں باپ حضور ﷺ کی حرمت پر قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ہم حضور ﷺ کے غلام ہیں اور ان کی غلامی ہی ہمارا اعزاز ہے ۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ آج ہم سب یہ عہد کرکے جائیں کہ ہم اپنی زندگی میں سیرت النبی کا ایک پہلو شامل کرکے اپنی اصلاح کرینگے۔
اراکین اسمبلی واصف مظہر راں،قاسم لنگاہ اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ عشرہ شان رحمتہ اللعالمین تقریبات سرور کائنات کو نذرانہ پیش کرنے کی کاوش ہے جس میں شہر اولیاء کے باسیوں نے بھرپور شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ذکر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بغیر دین و دنیا کی کامیابی کا تصور ممکن نہیں ہے آپ کی مبارک آمد سے اس کائنات کے وجود کا مقصد پورا ہوا۔خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ نبی اکرم نے ہمیشہ برداشت، صلہ رحمی، رواداری کادرس دیا اورحقوق العبادکوفوقیت دی۔
انھوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ بابرکت اورخوشی کا مہینہ ہے۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور خواجہ جلال الدین رومی کی جانب سے غریب اور بے گھر افراد میں راشن اور کھانا بھی تقسیم کیا گیا جبکہ ملکی ترقی اور سلامتی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button