ضلع ملتان کے 747 سکولوں کو رواں ماہ کے آخر تک سولر انرجی پر منتقل

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کے ہمراہ نیا پنجاب سکول سولرائزیشن پروگرام کا گورنمنٹ پرائمری سکول بستی مان والا میں افتتاح کیا۔
اس پروگرام کے تحت ضلع ملتان کے 747 سکولوں کو اس ماہ کے آخر تک سولر انرجی پر منتقل کر دیا جائیگا، جبکہ اس منصوبے کے تحت اب تک ضلع ملتان کے 664 سکولز شمسی توانائی پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے صوبائی وزیر توانائی پنجاب کے ہمراہ وہاڑی روڈ تا بستی مان پختہ سڑک کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر بستی مان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اس سال کے آخر تک پنجاب کے تمام لوگوں کو ہیلتھ کارڈز جاری کر دئیے جائیں گے جس سے علاج معالجے کی مفت سہولت مل سکے گی۔ جبکہ تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو شمسی توانائی پر منتقل کر کے سولر پنجاب کے خواب کی تعبیر کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی طلباء کی استعداد کار میں اضافے کا سبب بنتی ہے اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو عصری سہولیات دیکر ہی قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ معیاری اور اعلی تعلیم کی فراہمی اور فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے حکومتی اخراجات میں کمی واقع ہو گی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ عوامی مسائل کے حل کی طرف موڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہری ترقی کیساتھ ساتھ دیہی اور مضافاتی علاقوں کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے کوشاں ہے اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر سے ترقی کی نئی راہیں نکلیں گی۔
گورنر پنجاب نے اس موقع پر حلقہ پی پی 219 میں دو واٹر فلٹر پلانٹس لگانے کا بھی اعلان کیا ، انہوں نے کہا کہ لوگوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی ان کا مشن ہے اور اس حوالے سے نجی شعبے کے تعاون سے اس سال دسمبر تک ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حلقہ 219 میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے اور پچھلے تین سالوں کے دوران یہاں 56 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی کام مکمل ہوچکے ہیں جبکہ اگلے مالی سال میں ایک ارب روپے کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری ہو رہی ہے جس سے رابطہ سڑکوں کی تعمیر، سیوریج اور سولنگ کے مسائل کا خاتمہ اور گیس کی فراہمی کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔



















