طلبہ میں کتب بینی و تحریر نگاری کے ذوق کو اجاگر کرنے کے لئے ”فروغ“ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کا تعلیمی اداروں میں قومی زبان کی ترویج اور طلبہ میں کتب بینی و تحریر نگاری کے ذوق کو اجاگر کرنے کے لئے ”فروغ“ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ، طلبہ کی تخلیقات ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام شائع ہونے والے ای میگزین ”روشنی“ میں شائع کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے تعلیمی اداروں میں قومی زبان اردو کی ترویج اور طلبہ میں کتب بینی و تحریر نگاری کے ذوق کو اجاگر کرنے کے لئے ”فروغ“ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت ان کی تخلیقات ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے آن لائن میگزین ”روشنی“ میں شائع کی جائیں گی۔ مناس حوالے سے ایک اہم اجلاس سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کے زیر صدارت ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ، جس میں ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، محمد انصر سیال، ڈپٹی سیکرٹریز شاہد ملک، خواجہ مظہر الحق، ڈی پی ای (ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب طاہرہ پروین اور سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان سمیت ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ”فروغ“ پروگرام سمیت دیگر تعلیمی امور، تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ اور ”ٹرانس ایجوکیشن“ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ”ٹرانس ایجوکیشن“ کے طلبہ کو دینی تعلیمات اور قومی اقدار سے روشناس کرانے کے لئے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ ان کی شخصیت میں اعتماد سازی کے لئے نفسیاتی ماہرین کو مامور کیا جائے گا۔
سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ ”ٹرانس ایجوکیشن“ کے ادارے میں روزانہ کی بنیاد پر اسمبلی کا انعقاد کرائیں جہاں تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانہ کا لازمی اہتمام کیا جائے۔
دریں اثنا سیکرٹری ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے عملی اقدامات یقینی بنائیں۔



















