عالمی اولمپک کمیٹی نے ایرانی شوٹر کے خلاف ثبوت مانگ لئے
عالمی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے ایران سے تعلق رکھنے والے شوٹر ‘جواد فروغی’ کیخلاف مہم چلانے والی تنظیم کو چیلنج کرتے ہوئے ثبوت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
جواد فروغی نے کچھ روز قبل ہی ٹوکیو اولمپکس میں شوٹنگ کے مقابلوں میں ایران کیلئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا۔
یونائیٹد فار نوید ‘ نامی تنظیم نے اولمپک کمیٹی کو جواد فروغی کیخلاف تحقیقات اور اُن کے جیتے ہو ئے طلائی تمغے کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
تنظیم کا یہ مؤقف ہے کہ فروغی نے مبینہ طور پر ملک شام میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں نرس کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں ، جسے امریکا نے سن 2019 میں ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
آئی او سی کے ترجمان مارک ایڈمز کا کہنا ہے کہ اگرتنظیم کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو وہ ہمیں فراہم کرے۔
تنظیم یونائیٹڈ فور نوید ایران کو عالمی کھیلوں سے خارج کروانے کے لیے مہم چلارہی ہے۔
اس تنظیم کا نام ایرانی ریسلر نوید آفکاری سے منسوب کیا گیا ہے جن کو 2018 میں جاری ایرانی حکومت کے خلاف مظاہرے کے دوران مبینہ قتل کے الزام میں پھانسی دی گئی تھی۔