عوامی نمائندوں کی عدم توجہی نے مسائل کے انبار لگادئے:کرامت شیخ

پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل و صدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کی گزشتہ تین سالوں سے عدم توجہی کے باعث ملتان کا مرکزی روڈ ڈبل پھاٹک سے بی سی جی چوک روڈ قاتل روڈ کے نام سے مشہور ہے جہاں پر روزانہ ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں۔
اسی طرح دیگر چھوٹی بڑی شاہراہوں کی بھی یہی صورتحال ہے لیکن عوامی نمائندوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے آ ہے روز ٹریفک حادثات کے باعث جانی ومالی نقصانات کی وجہ سے عوامی و سماجی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر پائی جاتی ہے ۔
کرامت علی شیخ نے مزید کہا کہ ملتان میٹرو پولیٹن انتظامیہ ایسے واقعات میں برابر کی شریک ہے جو عوامی نمائندوں کے ساتھ ملی بھگت کرکے کرپشن لوٹ مار میں عرصہ دراز سے مصروف ہے جو ملتان شہر کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہیں لیکن ایسے نالائق افسران کے خلاف حکام بالا کی جانب سے کاروائی نہ ہونا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ سب کرپشن لوٹ مار کی گنگا میں برابر کے شریک ہیں۔
لیکن پاک سرزمین پارٹی اہلیان ملتان کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی انہوں نے میئر ملتان اور دیگر کو ملتان میٹرو پولیٹن کارپوریشن ملتان میں دوبارہ چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ ملتان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اولین کردار ادا کریں گے اور کرپٹ مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نپٹیں گے۔


















