عوام کو چینی کی سپلائی بڑھادی جائے :کمشنر ملتان

کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں چینی سمیت اشیاء و خوردونوش کی سستے داموں بلاتعطل فراہمی کیلئے فوری اقدامات کا حکم کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے عید الفطر کے پیش نظر رمضان بازاروں اور عام مارکیٹ میں اضافی کوٹے کے تحت چینی سپلائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکلنے نہیں دیا گیا عید ایام میں بھی لاک ڈاؤن کے باوجود شہریوں کو سستے داموں راشن و ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمشنر آفس میں منعقدہ وڈیو لنک کانفرنس میں بریفننگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرائس کنٹرول کے سلسلے میں وڈیو لنک کانفرنس میں اہم فیصلے کئے گئے۔
ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سرفراز احمد اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو مبشر الرحمن بھی اجلاس میں شریک تھے ۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عید تک مہنگائی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھیں تاکہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔تمام اضلاع کی انتظامیہ عید کے پیش نظر عام مارکیٹ میں اشیاء خوردونوش کی طلب و رسد پر کڑی نظر رکھے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
کمشنر ملتان کا مزید کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت طلب و رسد کا نظام متوازی رہا۔
کرونا کی روک تھام کے حوالے سے کمشنر ملتان کا کہنا تھا کہ عیدایام میں بھی کرونا ایس او یپز پر سو فی صد عملدرآمد کرایا جائے گا ، تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ کیا جاسکے۔
قبل ازیں جاوید اختر محمود نے عید سے قبل رمضان بازاروں کیلئے چینی کے مختص کوٹے کو فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔


















