فپواسا پنجاب چیپٹر کا فپواسا سینٹرل کی کال پر خیبر پختونخواہ کے یونیورسٹی اساتذہ کی حمایت میں سوموار، 31 مئی 2021ء کو پنجاب بھر کی جامعات میں یوم ِ سیاہ منانے کا اعلان
فپواسا پنجاب کے صدر ڈاکٹر عبدالستار ملک اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احتشام علی نے کہا ہے کہ فپواسا پنجاب ، خیبر پختونخواہ کی جامعات کو درپیش مسائل کے خلاف جاری جدوجہد میں فپواسا کے پی کے، کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت خیبر پختونخواہ کی جامعات کے اساتذہ و ملازمین کے الاونسز میں کٹوتی کے احکامات کو فی الفور واپس لے اور صوبائی ایچ ای سی خیبر پختونخواہ کا فوری قیام عمل میں لایا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ فپواسا پنجاب کے پلیٹ فارم سے چند دن پہلے حکومت ِ وقت کو جو مطالبات پیش کیے گئے تھے اُن کی روشنی میں تعلیمی بجٹ کا حجم بڑھایا جائے اور اساتذہ کے لیے ڈسپیرٹی الاونس کا دائرہ گریڈ 20 اور 21 تک وسیع کیا جائے۔
اُنھوں نے کہا کہ اگر حکومت نے جامعات کی خود مختاری میں مداخلت کی روش ترک نہ کی اور خیر پختونخواہ کی جامعات کو اُن کے جائز حقوق نہ دیے تو یوم ِ سیاہ کے بعد اِس احتجاج کا دائرہ کار مزید پھیلایا جائے گا اور پاکستان بھر کے یونیورسٹی اساتذہ اپنے جائز حقوق کے حصول کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشات نہ رکھیں گے۔