محمد انیس خان نے ایشیاء بیڈمنٹن کوچنگ کورس پاس کرلیا

ملتان سے تعلق رکھنے والے محمد انیس خان نے ایشیاء بیڈمنٹن کے زیر اہتمام ہونے والے آن لائن لیول ون کوچنگ برائے آگاہی پروگرام میں شرکت کی۔
جس میں شریک افراد کو بیڈمنٹن کے جدید طریقوں سے کوچنگ کے بارے میں آگاہی دی گئی۔
اس سلسلہ میں رانا ندیم انجم ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان کے دفتر میں محمد انیس خان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں عدنان نعیم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان اور نور خان قیصرانی ٹی ایس او ملتان صدر نے شرکت کی۔
اس موقع پر رانا ندیم انجم نے محمد انیس خان کو پروگرام میں شمولیت کا سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے کہا کہ آج کل وقت کے ساتھ ہر چیز میں تبدیلی آگئی ہے، اس لئے ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو جدید طریقہ سے کوچنگ کریں۔ ایشیاء بیڈمنٹن کا اس سلسلہ میں آگاہی پروگرام کا انعقاد اور ملتان سے محمد انیس خان کی شرکت ہمارے لئے باعث تحسین ہے.
عدنان نعیم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان نے کہا کہ محمد انیس خان اپنے پروفیشن کے ساتھ دلی لگاؤ رکھتے ہیں، اس لئے وہ کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کے لئے مختلف کورسز کرتے رہتے ہیں تاکہ ان کے تیار کردہ کھلاڑی نہ صرف ملتان بلکہ پاکستان لیول پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں.انہوں نے بطور کوچ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ بھی ایک سال بچوں کی کوچنگ کی ہے۔امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔



















