ملتان : انسداد منشیات کے عالمی دن پر کھیلوں کےمقابلے

انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیرِ اہتمام ڈسڑکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملتان کے تعاون سے ملتان سپورٹس جمنیزیم ہال میں بوائز اور گرلز کھلاڑیوں کے درمیان بیڈمنٹن کے مقابلے منعقد کرائے گئے۔
جس میں بوائز کا فائنل عبداللہ اور شاہ زیب کے درمیان کھیلا گیا جوکہ عبداللہ نے جیت لیا. جبکہ گرلز فائنل حریم اور مہوش کے درمیان کھیلا گیا جس میں مہوش نے فتح حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
دریں اثناء اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی میاں جاوید قریشی صدر ملتان ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایف محمد طاہر بھٹی تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عدنان نعیم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان نے کہا کہ ہمیں اپنے پیارے ملک پاکستان کو منشیات کی اس لعنت سے جلد از جلد پاک کرنا ہے، اسی لئے آج کی دن کی مناسبت سے یہ ایونٹ کرایا گیا ہے۔
میاں جاوید قریشی نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے خلاف تیار کرنا ہم سب کا مشن ہونا چائیے. اسی وجہ سے ہمیں کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مقابلے منعقد کرانا ہونگے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے این ایف محمد طاہر بھٹی نے کہا کہ ہمارا کام ملک میں منشیات کے استعمال کو روکنا اور منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنا ہے،اور کھیلوں کے ذریعے منشیات کے عادی افراد کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب ہونا چاہیے۔
تقریب کے آخر میں معزز مہمانوں نے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے۔



















